فارن سروس اکیڈمی کو جدید رجحانات کی بنیاد پر استوار کر رہے ہیں

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ’’وژن ایف او‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب وزارت خارجہ کو اکیسویں صدی کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اہم اقدامات کا اعلان

جمعہ 6 دسمبر 2019 16:57

فارن سروس اکیڈمی کو جدید رجحانات کی بنیاد پر استوار کر رہے ہیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ کو اکیسویں صدی کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اہم اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے وزارت خارجہ میں ’’وژن ایف او‘‘ منصوبے کا آغاز کر دیا۔ ’’وژن ایف او‘‘ کے تحت خارجہ پالیسی کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور فارن سروس افسران کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے بہت سے نئے پروگرامز شروع کئے جا رہے ہیں، ہم اطلاعات کی شفاف ترسیل اور رسائی چاہتے ہیں۔

اقتصادی طور پر کمزور ملک خارجہ محاذ پر اہداف حاصل نہیں کر سکتے۔ جمعہ کو وزارت خارجہ میں ’’وژن ایف او‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم فارن سروس اکیڈمی کو جدید رجحانات کی بنیاد پر استوار کر رہے ہیں، موجودہ دور میں سوشل میڈیا اطلاعات کی فراہمی اور رجحانات کے تعین میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

تقریب میں سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سیّد، ڈپلومیٹک کور، سوشل میڈیا و ڈیجیٹلائزیشن ماہرین اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ’’وژن ایف او‘‘ کے تحت جدید تقاضوں کے مطابق وزارت خارجہ میں ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ کیلئے نئی ویب سائٹ متعارف کرائی جا رہی ہے، نئی ویب سائٹ، صارفین کو معلومات کی بروقت اور بلاتعطل ترسیل کو یقینی بنانے کیلئے متعارف کرائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ کے جملہ افسران کو ’’پالیسی سازی‘‘ کے مشاورتی عمل میں شامل کرنے کیلئے اور ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے کیلئے جلد ’’ایف ایم کنکٹ‘‘ موبائل ایپلیکیشن کا آغاز کیا جائے گا۔

’’ایف ایم کنکٹ‘‘ ایپلیکیشن وزارت خارجہ کے تمام افسران کو یہ موقع فراہم کرے گی کہ اہم خارجہ پالیسی امور پر بلا جھجھک، آزادانہ طور پر اپنی رائے کا اظہار کریں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان کے اہم سفارت خانوں کو وزارت خارجہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے منسلک کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے گئے ہیں۔ وزارت خارجہ کی کارکردگی کو مزید بہتر اور فعال بنانے اور استعداد کار میں اضافے کیلئے ’’ای آفس سسٹم‘‘ کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ خارجہ پالیسی کو مزید بہتر بنانے اور اہم خارجہ امور پر مشاورتی سلسلے کو کثیرالجہتی بنانے کیلئے ’’ایف ایم کنکٹ کافی مارننگ‘‘ کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ ’’ایف ایم کنکٹ کافی مارننگ‘‘ کے تحت ماہانہ اجلاس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فورم کے تحت بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں اور بزنس کمیونٹی سے دو تفصیلی نشستیں ہو چکی ہیں۔

سینئر ڈپلومیٹس، سابقہ خارجہ سیکرٹریز اور سفرا کے ساتھ اہم خارجہ پالیسی امور پر مشاورت کیلئے ’’مشاورتی کمیٹی برائے امور خارجہ‘‘ تشکیل دی گئی جس کے بہترین نتائج سامنے آئے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم آفیسرز کو گریڈ کے بجائے کارکردگی کی بنیاد پر جانچنا چاہتے ہیں۔ان اقدامات سے افسران کی رائے اور تجاویز براہ راست اعلی سطح تک پہنچیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ’’ای ویزہ‘‘ جاری کرنے والے ملکوں میں شامل ہو چکا ہے۔ان تمام اقدامات کا مقصد وزارت خارجہ کو اکیسویں صدی کے جدید تقاضوں کے مطابق مزید فعال، ذمہ دار اور متحرک بنانا ہے۔