بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیمیں پاکستان کے مختلف شعبہ جات میں گرانقدر خدمات سر انجام دے رہی ہیں، ان کو رجسٹریشن میں ہر ممکن سہولت مہیا کریں گے

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 6 دسمبر 2019 16:57

بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیمیں پاکستان کے مختلف شعبہ جات میں گرانقدر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیمیں پاکستان کے مختلف شعبہ جات میںگرانقدر خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو نجی شعبہ میں کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں(آئی این جی اوز) کے حوالے سے وزارت خارجہ میں اعلٰی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ، ڈی جی انٹیلی جنس بیورو ڈاکٹر محمد سلیمان، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں پاکستان میں متحرک نجی شعبہ سے وابستہ بین الاقوامی تنظیموں کی رجسٹریشن اور ڈیٹا کے حوالے سے تبادلہء خیال کیا گیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ نجی شعبہ جات میں کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں کیلئے رجسٹریشن اور قواعد و ضوابط کی پابندی کو یقینی بنا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیمیں پاکستان کے مختلف شعبہ جات میں گرانقدر خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ اور تمام متعلقہ ادارے نجی شعبے میں کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں کو رجسٹریشن کے عمل میں ہر ممکن سہولت مہیا کریں گے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ رجسٹریشن کے عمل سے ان غیر سرکاری بین الاقوامی تنظیموں کو پاکستان میں احسن طریقے سے کام کرنے کا موقع ملے گا۔