شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ کی تعلیمات انسانیت کیلئے مینارہ نور ہیں،ڈاکٹرراغب نعیمی

جمعہ 6 دسمبر 2019 17:39

شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ کی تعلیمات انسانیت کیلئے مینارہ نور ہیں،ڈاکٹرراغب ..
لاہور۔6 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2019ء)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ وممبراسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ کی تعلیمات انسانیت کے لیے مینارہ نور ہیں۔آپؒ نے اپنی سیرت و کردار کے ذریعے لوگوں کو دین اسلام کی طرف راغب فرمایا۔ امت مسلمہ آپؒ کے اقوال و افکار پر عمل پیرا ہو کر فلاحی معاشرے کی تشکیل کو ممکن بنا سکتی ہے، آپ کی مجالس اس قدر بابرکت ہوتیں کہ تجلیات الہٰیہ کے ظہو رکا اکثر و بیشتر نظارہ ہوتا تھا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جمعة المبارک کے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ نے اسلامی معاشرہ میں پیدا ہونے والے بگاڑ کا خاتمہ کیا اور ملت اسلامیہ کی مٹتی ہوئی اقدار کو زندہ کرتے ہوئے دین و ملت کا احیاء فرمایا، آپؒ کی نظر کو وہ کمال حاصل تھا کہ جس پر پڑتی اس کی کیفیت بدل دیتی اور جس شخص پر آپ نگاہِ جمال آفریں سے توجہ فرماتے، وہ چاہے جتنا ہی سخت مزاج اور سنگدل کیوں نہ ہوں، مطیع اور غلام بن جاتا، آپؒ کی نگاہ پٴْر نور نے معاشرے میں بداعمال اور بدکار افراد کی اصلاح فرمائی۔