Live Updates

میرٹ کے فروغ کے لئے نظام اور اداروں کو مضبوط کرنے والے ممالک اور معاشرے ہمیشہ ترقی کرتے ہیں،

نئے پاکستان میں نئی سوچ کے ساتھ میرٹ کو فروغ، آن لائن سسٹم کے تحت قرضوں کی فراہمی، کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنا، چھوٹے اور درمیانی صنعت کوزیادہ سے زیادہ آسانیاں فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، کامیاب جوان پروگرام 100 فیصد نوجوانوں کیلئے ہے، ا س کا فائدہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتیں بھی اٹھائیں گی، سیاحت کی واحد ذریعہ ہے جو زرمبادلہ تیزی سے پاکستان لا سکتا ہے وزیراعظم عمران خان کاکامیاب جوان پروگرام کے تحت بیروزگار نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی کی تقریب سے خطاب

جمعہ 6 دسمبر 2019 18:16

میرٹ کے فروغ کے لئے نظام اور اداروں کو مضبوط کرنے والے ممالک اور معاشرے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2019ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میرٹ کے فروغ کے لئے نظام اور اداروں کو مضبوط کرنے والے ممالک اور معاشرے ہمیشہ ترقی کرتے ہیں، نئے پاکستان میں نئی سوچ کے ساتھ میرٹ کو فروغ، آن لائن سسٹم کے تحت قرضوں کی فراہمی، کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنا، چھوٹے اور درمیانی صنعت کوزیادہ سے زیادہ آسانیاں فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، کامیاب جوان پروگرام 100 فیصد نوجوانوں کیلئے ہے، ا س کا فائدہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتیں بھی اٹھائیں گی، سیاحت کی واحد ذریعہ ہے جو زرمبادلہ تیزی سے پاکستان لا سکتا ہے۔

وہ جمعہ کو یہاں کامیاب جوان پروگرام کے تحت بیروزگار نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے ملک کے مختلف حصوں میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضے حاصل کرنے میں کامیاب ہونے والے نوجوانوں اور خواتین میں چیکس تقسیم کئے۔ وزیراعظم عمران خان نے عثمان ڈار کو چھوٹے اور درمیانے کاروبار کے آغاز پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جن خواتین اور نوجوانوں کے قرض منظور ہوئے ہیں ان کیلئے دعا ہے کہ وہ کامیابی حاصل کریں اور مزید لوگوں کو بھی روزگار فراہم کریں۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کیلئے میری تین آبزرویشن ہیں کہ اس پروگرام میں شفافیت برقرار رہنی چاہئے، نوجوانوں کے اعتماد پر پورا اترنا چاہئے اور نوجوان کو چھوٹے اور درمیانے کاروبار کے آغاز کے لئے آسانیوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ 10 لاکھ نوجوانوں نے صرف اس لئے حکومت کو آسان قرضوں کی درخواستیں دیں کہ انہیں حکومت پر اعتماد ہے، یہ بھی ہمارے لئے فخر کی بات ہے کہ پہلے مرحلے میں ایک لاکھ 90 ہزار خواتین نے بزنس پلان پیش کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبارکو سہولیات دے رہے ہیں، حکومت کا کام روکاٹیں ختم کرنا ہیں جو کاروبار کے راستے میںآتی ہیں۔ انہوں نے مثال دی کہ وہ جب برطانیہ پہلی دفعہ گئے تو دیکھا مانچسٹر کی ٹیکسٹائل کا کاروبار پر یہودیوں کی اجارہ داری تھی، ہمارے ملک سے چھوٹے کاروبار کرنے والے لوگ گئے دیکھتے دیکھتے 10 سالوں میں ٹیکسٹائل کا کاروبار پاکستانیوں کے ہاتھ آ گیا، یہ ہوتی ہے کامیابی۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب معاشروں میں اور پیچھے رہ جانے والے معاشروں میں فرق یہ ہوتا ہے کہ کامیاب معاشرے میں میرٹ، ہرقسم کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں جس معاشرے میں جذبہ ہوتا ہے وہ میرٹ کو فروغ دے کر ترقی کی راہ پر گامزن ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو دیکھیں تو ہر شعبہ میں ٹاپ پر پاکستانی لوگ ملیں گے، وہ معاشرے محنت کا پھل دیتے ہیں، جب ہم نئے پاکستان کی بات کرتے ہیں تو نئی سوچ کی بات کرتے ہیں جس میں میرٹ کو اوپر لا رہے ہیں، آن لائن سسٹم کے تحت میرٹ پر قرض فراہم کر رہے ہیں، کاروبار میں آسانی پیدا کر رہے ہیں ،چھوٹے اور درمیانی صنعت کو سب سے زیادہ آسانیوں کی ضرورت ہے، بڑے کاروبار والوں کے پاس مشکلات دور کرنے کیلئے بے پناہ وسائل ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں بدقسمتی سے نوجوانوں کیلئے سب سے کم سہولیات اور سب سے زیادہ مشکلات دی گئیں، ہماری کوشش ہے کہ آسانیاں پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک کی رپورٹ میں پاکستان ایک سال کے اندر 28 درجے اوپر گیا ہے، ہم نے اپنے کاروبار کیلئے آسانیاں پیدا کرکے یہ کامیابی حاصل کی ہے، میری اپنی پوری توجہ کاروبارمیں آسانیوں پر ہے، مزید آسانیاں پیدا کرتے رہیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری خواتین کو مواقع کی بہت ضرورت ہے جو پہلے نہیں کر سکے اب یقینی طور پر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت بہت بڑی صنعت ہے اس کی کامیابی سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے، پہلی دفعہ دنیا کو پاکستان کی خوبصورتی کا پتہ لگ رہا ہے، ہمارے پاس ہوٹلز کم ہیں اس لئے اس پروگرام کے تحت بھی نوجوان چھوٹے ہوٹلز بنائیں گے، سیاحت کی واحد ذریعہ ہے جو پاکستان میں ڈالر کی آمد کو بڑھا سکتا ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر نے کہا کہ اصل ترقی میں کروڑوں لوگ شریک ہوتے ہیں، دنیا بھر میں روزگار کے مواقع چھوٹے اور درمیانے کاروبار سے آتے ہیں، ایمان کی کمائی ملکی معیشت کی ترقی میں حصہ دار اور عزت کی زندگی گزارنے کا سیکھے، پاکستان کے نوجوانوں کو یہ موقع دینے کیلئے حکومت کا یہ پروگرام قابل ستائش ہے، شفافیت یقینی بنائی جا رہی ہے، یہ پروگرام ہر پاکستانی نوجوان کیلئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ دور حکومت میں پانچ سالوں میں ایک لاکھ 10 ہزار درخواستیں موصول ہوئی تھیں لیکن موجودہ حکومت کے اس پروگرام کے پہلے مرحلے میں 10 لاکھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں، یہ نوجوانوں کا حکومت پر اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام اتنا کامیاب ہو گا کہ ہمیں دوبارہ وزیراعظم کے پاس جانا پڑے گا، اس عمل کو مرحلہ وار بڑھاتے رہیں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے پروگرام کے تحت درخواستیں دینے والے کامیاب درخواست دہندگان کے درمیان کاروباری مقاصد کیلئے قرضوں کے چیک بھی تقسیم کئے۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری، وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر، وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نوجوانان عثمان ڈار، وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، سینٹ کی قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات سینیٹر فیصل جاوید، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے امور نوجوانان کے وزراء، وفاقی کابینہ اور پارلیمنٹ کے اراکین تقریب میں شریک تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات