ملک کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے نظام تعلیم مزید بہتر کرنا ہو گا، قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی

جمعہ 6 دسمبر 2019 19:19

ملک کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے نظام تعلیم مزید بہتر کرنا ہو گا، ..
لاہور۔6 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2019ء) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ملک کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے نظام تعلیم کو مزید بہتر کرنا ہو گا، گجرات یونیورسٹی کی طرح جناح پبلک سکول بھی تعلیمی میدان میں اپنا منفرد مقام پیدا کر رہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح پبلک سکول گجرات کے دورہ کے موقع پر سکول سٹاف اور طلبا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر چودھری پرویزالٰہی نے سکول کو طلباء و طالبات کی آمد و رفت کیلئے دو ایئر کنڈیشنڈ کوسٹروں کا تحفہ دیا اور آرٹ کی نمائش اور نئی کمپیوٹر لیب کا افتتاح بھی کیا،چودھری پرویزالٰہی سکول کے دورہ پر خوشگوار ماحول میں بچوں کے ساتھ گھل مل گئے، قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ میں نے پندرہ سال پہلے اس سکول کا افتتاح کیا تھا آج اسے پھلتا پھولتا دیکھ کر دل باغ باغ ہو گیا، میری خواہش ہے کہ اس سکول میں گریجوایشن تک تعلیم دی جائے اور ساتھ ہی بورڈنگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے، انہوں نے پرنسپل راحیل احمد جان سے کہا کہ سکول کو اے اور اولیول تک لے کر جائیں تاکہ طلبا کو لاہور یا دوسرے شہروں میں جانے کی ضرورت پیش نہ آئے، اس موقع پر سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، ڈی سی ڈاکٹر خرم شہزاد، سابق وفاقی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود، چودھری عبداللہ یوسف ایم پی اے اور دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔