Live Updates

پاکستان ،سری لنکا ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا شیڈول جاری

ؤپی سی بی نے ٹکٹوں کی مالیت 50 روپے مقرر کردی،ٹکٹوں کی آن لائن فروخت آج 7 دسمبر کو شروع ہو گی

جمعہ 6 دسمبر 2019 21:09

پاکستان ،سری لنکا ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا شیڈول جاری
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے جوبلی انشورنس کے پیش کردہ اوساکا بیٹریز کپ برائے پاکستان سری لنکا ٹیسٹ سیریز 2019 کے لیے ٹکٹوں کی فروخت اور ان کی مالیت کے حوالے سے تفصیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چمپئن شپ کا حصہ ہے۔ پہلا ٹیسٹ میچ 11 سے 15 دسمبر تک پنڈی کرکٹ سٹیڈیم جب کہ دوسرا 19 سے 23 دسمبر تک نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں کھیلا جائیگا۔

دونوں ٹیسٹ میچز کیلئے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت 7 دسمبر کو شروع ہو گی،شائقین کرکٹhttp://yayvo.com/سے ٹکٹ آن لائن بک کرسکتے ہیں، پہلے ٹیسٹ کے راولپنڈی میں ٹی سی ایس کے مقررہ کردہ سنٹرز سے ٹکٹ کی فروخت بھی 7دسمبر سے شروع ہوجائے گی جبکہ کراچی میں دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹی سی ایس کے سنٹرز پر ٹکٹس 9 دسمبر سے دستیاب ہوں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کے موقع پر پی سی بی نے ٹکٹوں کی مالیت 50 روپے مقرر کی ہے۔

پنڈی سٹیڈیم میں شعیب اختر انکلوژر کے ٹکٹس پچاس روپے میں دستیاب ہوں گے ۔نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں جاوید میاں داد، فضل محمود، قائد، وسیم اکرم، عمران خان، اقبال قاسم اور نسیم الغنی انکلوژرز کے ٹکٹس پچاس روپے میں دستیاب ہوں گے۔علاوہ ازیں روزانہ کی بنیاد پر سکولوں اور کالجوں کے لیے بڑی تعداد میں ٹکٹس دستیاب ہوں گے جس کا مقصد نئی نسل کو کھیل کی طرف لانا ہے۔شائقین کرکٹ سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ ٹی سی ایس سنٹرز سے ٹکٹوں کی خرید کے وقت قومی شناختی کارڈ اپنے ہمراہ رکھیں۔ ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ دس ٹکٹس خریدے جا سکیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات