فیصل آباد ، پاکستان سٹیزن پورٹل پراب تک 55محکموں/اداروں سے متعلقہ 28ہزار994عوامی شکایات کو نمٹا دیا گیا

جمعہ 6 دسمبر 2019 21:24

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2019ء) ضلع میں پاکستان سٹیزن پورٹل پراب تک 55محکموں/اداروں سے متعلقہ 28ہزار994عوامی شکایات کو نمٹا دیا گیا ہے جبکہ 976پر تیزرفتار محکمانہ کارروائی جاری ہے۔یہ بات ڈپٹی کمشنر محمد علی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ہیڈ کوارٹرز) عفیفہ شاجیہ کی زیر صدارت پاکستان سٹیزن پورٹل پر موصولہ عوامی شکایات پر محکمانہ کارکردگی کے جائزہ اجلاس کے دوران بتائی گئی جس میں اسسٹنٹ کمشنرز نازیہ موہل،زوہا شاکر،خرم شہزاد بھٹی،فیصل سلطان،عمر دراز گوندل،محمد اورنگزیب،سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاشف رضا اعوان،سیکرٹری آرٹی اے ضمیر حسین،ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ہیلتھ ڈاکٹر بلال احمد کے علاوہ دیگرضلعی محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ہیڈ کوارٹرز)نے ہر محکمہ/ادارہ کی انفرادی کارکردگی کاجائزہ لیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سٹیزن پورٹل پر موصولہ کوئی شکایت زیر التواء نہیں رہنی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پورٹل پرموصولہ شکایات کے مطابق آوارہ کتوں کی تلفی کے بعد جلد ٹھکانے لگانے،ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے،ایل پی جی کی ریفلنگ کے خطرناک فعل کی روک تھام،گندگی کے ڈھیروں کو اٹھانے کے لئے اقدامات کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی کے معیار کو بہتر بنانے اور کوڑا کرکٹ کو اٹھانے سمیت مہنگائی کے خلاف عوامی شکایات کا فوری نوٹس اورازالہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹیزن پورٹل سے متعلقہ سسٹم پر موثر انداز میں عملدرآمد کرنے کے لئے تمام محکمے ذمہ داریوں کو پورا کریں۔