Live Updates

سندھ سے حکومتی اتحادیوں نے وزیراعلیٰ سندھ کی گرفتاری کا مطالبہ کردیا

مراد علی شاہ کی موجودگی میں کوئی منصوبہ مکمل نہیں ہوگا، تبدیلی کیلئے ووٹ دیا تبدیلی نظرنہیں آرہی، وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں پی ٹی آئی، ایم کیوایم اور جی ڈی اے رہنماؤں کی شرکت، وزیراعلیٰ سندھ کیخلاف شکایات

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 6 دسمبر 2019 19:14

سندھ سے حکومتی اتحادیوں نے وزیراعلیٰ سندھ کی گرفتاری کا مطالبہ کردیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 دسمبر 2019ء) سندھ سے حکومتی اتحادیوں نے وزیراعلیٰ سندھ کی گرفتاری کا مطالبہ کردیا۔ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں پی ٹی آئی ، ایم کیوایم اور جی ڈی اے رہنماؤں نے وزیراعلیٰ سندھ کیخلاف شکایات لگائیں، مراد علی شاہ کی موجودگی میں کوئی منصوبہ مکمل نہیں ہوگا، وزیراعظم نے کہا کہ مایوس نہ ہوں سندھ میں تبدیلی ٹھہر چکی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سندھ سے حکومتی اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سندھ کی ترقیاتی منصوبوں اورسیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں تحریک انصاف، ایم کیوایم اور جی ڈی اے کے رہنماء شریک ہوئے۔ اجلاس کے شرکاء نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

مراد علی شاہ کے ہوتے ہوئے وفاقی حکومت کا کوئی منصوبہ مکمل نہیں ہوگا۔

سردار علی گوہر مہر، ذوالفقار مرزا، خرم شیرزمان اور دیگر نے وزیراعلیٰ سندھ کیخلاف شکایات لگائیں۔ شرکاء نے کہا کہ ہم نے تبدیلی کیلئے ووٹ دیا لیکن سندھ میں تبدیلی نظر نہیں آرہی، وفاق کوشش کررہا ہے لیکن وزیراعلیٰ سندھ تعاون نہیں کررہے۔ وزیراعظم عمران خان نے پیپلزپارٹی کے ساتھ کسی بھی قسم کی ڈیل کے تاثر کو نفی کرتے ہوئے کہا کہ مجھے معلوم ہے سندھ میں سب سے زیادہ کرپشن ہوئی ہے۔

مایوس ہونے کی ضرورت نہیں سندھ کو کرپشن سے پاک کریں گے۔ احتساب کی سب سے زیادہ ضرورت سندھ میں ہے۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کیخلاف جہاد کرنے آیا ہوں۔کسی سے کوئی ڈیل ہوگی نہ ڈھیل ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے معاملے میں تاخیر ضرور ہورہی ہے لیکن تبدیلی ٹھہر چکی ہے۔ دوسری جانب وزیرعظم عمران خان نے آج کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضوں کی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام میں ہمیں سب سے زیادہ خیال شفافیت اور میرٹ کا خیال رکھنا ہے، کیونکہ لوگوں کو بڑی امید ہے، لوگوں نے ان قرضوں کیلئے اپلائی کیا ہے۔

مجھے خوشی ہوئی کہ ایک لاکھ 90 ہزار خواتین نے قرض کیلئے اپلائی کیا ہے۔ کامیاب جوان پروگرام کیلئے10سے 15ہزار جوانوں نے درخواستیں دیں۔ سب سے بڑی بات حکومت بزنس کیلئے سہولیات دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ نوکریاں ٹورازم سیکٹرمیں ملیں گی۔ حکومت کا کام نوکریاں پیدا کرنا ہوتا ہے۔ حکومت لوگوں کو روزگار دینے اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرے گی۔ پاکستان کاروبارمیں سہولت پیدا کرنے والے ممالک میں 25 ویں نمبر پر آگیا۔ کاروباری میں آسانی پیدا کرنے پر پاکستان 28 پوائنٹ اوپر چلا گیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات