لاہور انویسٹی گیشن پولیس کی بڑی کارروائی۔ سعودی پلٹ شہری کے قتل کی واردات کا ڈراپ سین، بیوی اور آشنا گرفتار

مقتول کی بیوی نے اپنے شوہر کو آشنا کے ساتھ مل کر بذریعہ فائرنگ قتل کر کے ڈکیتی کا ڈرامہ رچا دیا تھا، آلہ قتل پسٹل برآمد

جمعہ 6 دسمبر 2019 22:15

لاہور انویسٹی گیشن پولیس کی بڑی کارروائی۔ سعودی پلٹ شہری کے قتل کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2019ء) لاہور انویسٹی گیشن پولیس نے سعودی پلٹ شوہر کو قتل کرنے والی اس کی بیوی کو آشنا سمیت گرفتار کرکے آلہ قتل پسٹل برآمد کر لیاہے۔تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انعام وحید خان کی واضح ہدایات کی روشنی میں انویسٹی گیشن پولیس کی سپیشل ٹیمیں قتل، اقدام قتل اور دیگر سنگین مقدمات میں ملوث جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور انہیں کیفرکردار تک پہنچانے کے لیے دن رات سر گرم عمل ہیں۔

ایس پی صدر انویسٹی گیشن کی سربراہی میں انچارج انویسٹی گیشن سندر واجد جہانگیر اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے سندر کے گائوں موہلنوال میں ہونیوالی قتل کی سنگین واردات کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس کر کے سعودی پلٹ مقتول عارف کو قتل کرنے والی اس کی بیوی رابعہ اور شوہر کے کزن ملزم فیصل کوگرفتار کرکے آلہ قتل پسٹل برآمد کر لیا۔

(جاری ہے)

دوران تفتیش ملزمہ رابعہ نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی 11سال قبل خالہ زادمقتول عارف کے ساتھ شادی ہوئی تھی اور ان کے تین بچے ہیں۔ اس کا شوہر عارف سعودی عرب میں کنسٹرکشن کا کام کرتا تھا اور کئی کئی سال گھر نہ آتا تھا اس دوران اس کے اپنے شوہر کے کزن فیصل کے ساتھ ناجائزمراسم قائم ہو گئے۔ اس کا شوہر سعودی عرب سے محنت مزدوری کر کے جو رقم بھی اسے بھجواتا وہ ساری رقم اپنے آشنا اور فضول خرچی میں لگا دیتی تھی۔

شوہر کے پاکستان واپس آنے کی اطلاع اور پیسوںکے بے جا فضول خرچ کا کوئی معقول جوازنہ ہونے کی بنا پر اس نے اپنے آشنا فیصل کے ساتھ مل کر شوہر عارف کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایااور اپنے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پانچ لاکھ روپے کا لالچ دے کرفیصل کے دوستوں طیب، سلیم اور حارث کو بھی ساتھ ملالیا اور پہلے سے طے شدہ پلان کے مطابق اپنے شوہر مقتول عارف کو بذریعہ پسٹل فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور ڈکیتی کا ڈرامہ رچا دیا۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انعام وحید خان نے مقتول عارف کے قتل کی سنگین واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کے لیے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔