امریکا نے اسرائیل اور عرب ممالک میں تعلقات کے قیام کی کوششیں تیز کردیں

وائٹ ہائوس عرب ممالک اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کے قیام کی کوشش کررہا ہے،ماہرسیاسی امور کی گفتگو

جمعہ 6 دسمبر 2019 23:04

مقبوضہ بیت المقدس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2019ء) اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی حکومت نے عرب ممالک اور اسرائیل کے درمیان دوستانہ تعلقات استوار کرانے کے لیے کوششیں تیز کردی ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکا اسرائیل اور عرب ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے لیے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں کوششیں تیز کردی ہیں۔

امریکا عرب ملکوں اور اسرائیل کے درمیان عدم جنگ کے معاہدے کرانے کی کوشش کر رہا ہے۔ٹی وی چینل کے سیاسی امور کے تجزیہ نگار باراک رابیڈ کا کہنا تھا کہ عرب، اسرائیل اور امریکی ذرائع نے ان خبروں کی تصدیق کی کہ وائٹ ہائوس عرب ممالک اور تل ابیب کے درمیان تعلقات کے قیام کی کوشش کررہا ہے۔ اس سلسلے میں امریکا نے متحدہ عرب امارات، بحرین، سلطنت عمان اور مراکش سے رابطے کیے ہیں۔

(جاری ہے)

رابیڈ کا کہنا تھا کہ ابتدائی مرحلے میں امریکا عرب ممالک اور اسرائیل کے درمیان عدم جنگ کے معاہدے کرانے کی کوشش کررہا ہے۔ اس کے بعد اگلے مرحلے میں تل ابیب کے خطے کے تمام عرب ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات کے قیام کی کوشش کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت بہت سے عرب ممالک اور اسرائیل کے درمیان خفیہ روابط موجود ہیں اور تل ابیب کے ساتھ کسی قسم کے معاہدے میں کوئی بڑی رکاوٹ نہیں ہے۔

ٹی وی چینل کے ذرائع کے مطابق گذشتہ ہفتے امریکی قومی سلامتی کی نائب مشیر ویکٹوریا کوٹز نے واشنگٹن میں عرب ممالک کے سفیروں کے ساتھ ملاقات کی اوران کے سامنے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے قیام اور تل ابیب کے ساتھ عدم جنگ کا معاہدہ کرنے کی تجویز پیش کی۔عبرانی ٹی وی چینل کے مطابق عرب سفیروں نے امریکی عہدیدار کو یقین دلایا کہ وہ اپنی حکومتوں سے صلاح مشورہ کرکے اس تجویز پر جلد ہی جواب دیں گے۔