کراچی ، مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی سے موسم مزید سرد ہوگیا

بحیرہ عرب پر ہوا کے کم دباو کے زیرِ اثر رات میں بارش ہوئی اور اسی اثر سے شہر میں مزید ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے شمال مشرق سے 24کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، ہوا کی رفتار میں مزید اضافہ ہوگا،محکمہ موسمیات

جمعہ 6 دسمبر 2019 22:06

کراچی ، مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی سے موسم مزید سرد ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 دسمبر2019ء) شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی سے موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بونداباندی سے موسم مزید سرد ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق 11 دسمبر سے سردی کی ایک نئی لہر کراچی میں داخل ہوگی جو ایک ہفتے تک رہنے کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں جمعہ کی علی الصبح مختلف علاقوں لانڈھی، کورنگی، ملیر اور ایئرپورٹ کے علاقوں میں تیز بارش ہوئی جب کہ نارتھ کراچی، ناگن چورنگی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر، ڈیفنس اور کلفٹن میں بوندا باندی ہوئی، جس کی وجہ سے موسم مزید خوش گوار اور سرد ہو گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرق سے 24کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، ہوا کی رفتار میں مزید اضافے ہوگا جس سے مزید سردی بڑھے گی ۔

(جاری ہے)

ٹھنڈی ہوائیں چلنے اور شہر کا موسم سرد ہونے پر شہریوں نے بھی گرم ملبوسات پہن لیے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ اورزیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24ڈگری سینٹی گریڈاورہوا میں نمی کا تناسب 35 فیصدریکارڈ کیا گیا۔

آئندہ 24گھنٹے کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 11 دسمبر سے سردی کی ایک نئی لہر کراچی میں داخل ہوگی جو ایک ہفتے تک رہنے کا امکان ہے، سردی کی اس نئی لہر کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 12 سے 14 ڈگری سینٹی گریڈ ہو سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب پر ہوا کے کم دباو کے زیرِ اثر رات میں بارش ہوئی اور اسی اثر سے شہر میں مزید ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفرازکے مطابق مغربی ہوائوں کا سسٹم 9 دسمبر کو ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے باعث بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس دوران کراچی میں بارش کا اندازہ سسٹم کے آگے بڑھنے کے بعد کیا جا سکے گا، شہر میں 12سے 13دسمبر کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوجائے گا، درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔