زیرتربیت سعودی اہلکار کی فائرنگ سے3امریکی فوجی ہلاک

سعودی عرب کے شاہ سلمان کی صدر ٹرمپ سے ٹیلی فون پر گفتگو ‘اظہار تعزیت کیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 7 دسمبر 2019 10:04

زیرتربیت سعودی اہلکار کی فائرنگ سے3امریکی فوجی ہلاک
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07 دسمبر ۔2019ء) امریکی ریاست فلوریڈا میں امریکی بحری اڈے پر فائرنگ سے4 افراد ہلاک اور8 زخمی ہوگئے ہیں. ریاست فلوریڈا کے گورنر اور دیگر اہلکاروں نے بتایا ہے کہ مشتبہ حملہ آور سعودی فضائیہ کا اہلکار تھا، جو فوجی تربیت کے حصول کے لیے امریکہ میں تھا‘بحریہ اور مقامی پولیس ذرائع کے مطابق، حملے کا یہ واقعہ پینساکولا کے بحری اڈے پر پیش آیا جس میں حملہ آور سمیت4 افراد ہلاک ہوئے اس ہفتے امریکی فوجی تنصیب پر گولیاں چلنے کا یہ دوسرا مہلک واقعہ ہے.

(جاری ہے)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے شاہ سلمان نے ان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی جس دوران انہوں نے ہلاک ہونے والوں کے لیے تعزیت اور زخمیوں سے ہمدری کا اظہار کیا ٹرمپ نے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ بادشاہ نے کہا کہ حملہ آور کی اس وحشیانہ حرکت نے سعودی عوام کو شدید برہم کیا ہے اور ایسا عمل کرنے والا شخص کسی طور پر بھی سعودی عوام کے جذبات کی نمائندگی نہیں کرتا جو امریکی عوام کو چاہتے ہیں.

فلوریڈا کے گورنر رون دے سانتس نے بتایا ہے کہ مشتبہ شخص سعودی شہری تھا جو بحری اڈے پر تربیت حاصل کر رہا تھا انہوں نے کہا کہ بحری تربیت کے اس پروگرام میں ایک طویل عرصے سے امریکی اتحادی شریک ہوتے رہے ہیں اور یہ کہ اس پرتشدد واقعے کے محرک کے بارے میں ابھی تفتیش جاری ہے حملہ آور نے حملے کے دوران ہینڈگن سے فائر کیا جب بحریہ کے اڈے کی عمارت کے دو منزلہ کلاس رومز میں تربیتی نشست جاری تھی‘پولیس کے سربراہ ڈیوڈ مورگن نے کہا ہے کہ جائے واردات دیکھنے کے بعد یوں لگا جیسے کسی فلم کے سیٹ کا منظر ہو.

ادھرامریکی ریاست منیسوٹا میں بلیک ہاک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں 3 فوجی ہلاک ہوگئے ہیں. امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق گورنر مینسوٹا ٹِم ویلز نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مرمت کے بعد ٹیسٹ فلائٹ کے دوران بلیک ہاک ہیلی کاپٹر وسطی مینیسوٹا کے ایک کھیت میں گر کر تباہ ہوا، جس سے مینسوٹا نیشنل گارڈ کے 3 اہلکار ہلاک ہوئے‘ابتدائی طور پر ہلاک فوجی اہلکاروں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی.

حادثے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے تاہم اس کی وجوہات تاحال سامنے نہیں لائی گئی‘گورنر ٹِم ویلز نے نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ فوجی اہلکاروں کی ہلاکت پر ان کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں انہوں نے کہا کہ آنے والے دن تاریک اور مشکل ہیں تاہم مینیسوٹا، ہلاک فوجیوں کے خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہے. منیسوٹا نیشنل گارڈ کے ایڈجوٹنٹ جنرل میجر جنرل جان جینسن نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ 3فوجیوں کی ہلاکت سے ہمارا مینیسوٹا نیشنل گارڈ کا خاندان ویران ہو گیا ہے، ہماری اس وقت اولین ترجیح ان فوجیوں کے خاندانوں کی دیکھ بھال کو یقینی بنانا ہے‘نیشنل گارڈ نے کہا کہ حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر سینٹ کلاوڈ میں گارڈز کی آرمی ایوی ایشن سیفٹی فیسیلٹی کا 'یو ایچ 60' بلیک ہاک تھا‘گارڈ ماسٹر سارجنٹ بلیئر ہیوڈینس کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر کے مینٹیننس ٹیسٹ فلائٹ کے لیے سینٹ کلاو¿ڈ سے اڑان بھرنے کے کچھ لمحے بعد ہی گارڈ کا اس سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا.

یاد رہے دو روز قبل امریکی بحریہ کے ایک اہلکار نے ریاست ہوائی میں واقع تاریخی فوجی اڈے پرل ہاربر میں فائرنگ کرکے 2 افراد کو ہلاک کردیا، بعد ازاں حملہ آور نے خود کو بھی گولی مارلیامریکی عہدیدار نے بتایا تھا کہ فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے دونوں افراد محکمہ دفاع کے سویلین ملازمین تھے جبکہ زخمی ہونے والا شخص عام شہری ہے جس کی حالت خطرے سے باہر ہے. فائرنگ کا یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب پرل ہاربر پر 7 دسمبر 1941 کو ہونے والے حملے کو 78 برس مکمل ہونے میں محض 3 روز باقی تھے، اس روز جاپان نے پرل ہاربر پر حملہ کیا تھا جس کے بعد امریکا جاپان کے خلاف اعلان جنگ کرتے ہوئے جنگ عظیم دوم میں شامل ہو گیا تھا.