سعودی صارفین نے سوشل میڈیا کے ذریعے امریکی بحری اڈے پر حملہ کرنے کے واقعے کی مذمت کر ڈالی

ٹویٹر پر سعودیوں نے ”فلوریڈا کا مجرم ہماری نمائندگی نہیں کرتا“ کے نام سے ہیش ٹیگ بنا ڈالا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 7 دسمبر 2019 11:38

سعودی صارفین نے سوشل میڈیا کے ذریعے امریکی بحری اڈے پر حملہ کرنے کے ..
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7دسمبر 2019ء) دو روز قبل ایک مسلح شخص نے امریکی بندرگاہ ریاست فلوریڈا میں واقع بحری اڈے پر حملہ کر دیا تھا جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہوئے تھے۔ حملہ آور کو امریکی فوجیوں کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک کر دیا گیا۔ امریکی حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ حملہ آور سعودی نوجوان تھا جو اسی بحری اڈے پر تربیت حاصل کر رہا تھا۔

اس واقعے کے بعد سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے اُن سے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔ سعودی عوام بھی دہشت گردی کی اس کارروائی پر یک زبان ہو گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر سعودی صارفین نے ایک ہیش ٹیگ بنا ڈالا ہے جس کا عنوان ہے ”فلوریڈا کا مجرم ہماری نمائندگی نہیں کرتا۔

(جاری ہے)

“ یہ ہیش ٹیگ بہت زیادہ مقبول ہو گیا ہے۔

اس ہیش ٹیگ کے تحت ہزاروں سعودی صارفین نے اپنے ٹویٹر پیغامات میں دہشت گردی کے اس واقعے کی مذمت کی ہے ، ایک سعودی صارف احمد طائفی کا کہنا تھا ”حملہ آور کو کسی صورت سعودی عرب کا نمائندہ قرار نہیں دیا جا سکتا، وہ ایک دہشت گرد تھا، اور دہشت گرد کو کسی خاص مذہب یا مُلک سے نہیں جوڑا جا سکتا۔ ہر دہشت گرد اپنی مذموم کارروائی کا خود ذمہ دار ہے۔

“جبکہ ایک اور صارف خاتون حیاء بنت جابر کا کہنا تھا کہ ”سعودی عوام دُکھ کی اس گھڑی میں امریکی عوام کے ساتھ ہیں۔ سعودی ایک پُرامن قوم ہیں، اور دُنیا بھر میں کہیں بھی ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی جی بھر کے مذمت کرتے ہیں۔ ہمارا پیغام محبت اور رواداری ہے۔“جبکہ ایک اور صارف العیاد کا کہنا تھا ”سعودی عرب کی دُشمن طاقتیں یہاں کے بھولے بھالے نوجوانوں کو ورغلا کر سعودی عرب میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہیں، یہی طاقتیں سعودی عرب کے اُس کے دوست ممالک سے تعلقات میں بگاڑ بھی چاہتی ہیں، امریکا میں ہونے والا حالیہ واقعہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

“ واضح رہے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے امریکی صدر کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں کہا تھا کہ ایک سعودی طالب علم نے جو مذموم حرکت کی ہے وہ کسی طور سعودی مملکت اور عوام کی عکاس نہیں ہے۔ سعودی عوام امریکا کے لیے مثبت جذبات رکھتے ہیں۔