سعودی طالب علم کا امریکی نیول بیس پر حملہ، تین ہلاک

حملہ آور کی شناخت محمد سعید الشامرانی کے نام سے ہوئی جو سعودی عرب کی فوج کا رکن ہے،ٹرمپ کا اظہارافسوس

ہفتہ 7 دسمبر 2019 12:01

سعودی طالب علم کا امریکی نیول بیس پر حملہ، تین ہلاک
فلوریڈا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2019ء) امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر پنساکولا کے بحری اڈے پر ایک سعودی طالب علم نے فائرنگ کر کے تین افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حکام کا کہنا تھا کہ حملہ آور کی شناخت محمد سعید الشامرانی کے نام سے ہوئی ہے جو سعودی عرب کی فوج کا رکن ہے اور ایک طالب علم کے طور پر اس بحری اڈے پر تربیت حاصل کر رہا تھا۔

حکام کے مطابق سعودی طالب علم کو کلاس روم میں حملے کے بعد گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔مقامی شیرف کے دفتر نے حملے میں آٹھ دیگر افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملہ آور نے ایک ہینڈگن کا استعمال کیا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس واقعہ پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ سعودی عرب کے بادشاہ سلمان نے فلوریڈا کے شہر پنساکولا میں ہونے والے حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے جوانوں کے اہل خانہ اور دوستوں سے اظہار تعزیت کیا اور ان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق سعودی بادشاہ کا کہنا تھا کہ سعودی عوام حملہ آور کے وحشیانہ اقدام پر سخت برہم ہیں، اور یہ کہ یہ شخص کسی بھی صورت میں امریکی عوام سے محبت کرنے والے سعودی عوام کے جذبات کی ترجمانی نہیں کرتا۔فلوریڈا کے گورنر ران ڈی سانٹس کا کہنا تھا کہ یقیناً سعودی حکومت کو چاہیے کہ وہ ان متاثرین کے لیے کچھ کرے، سعودی حکومت پر ان کا قرض ہے کیوں کہ حملہ آور ان کا شہری تھا۔امریکی بحریہ نے ایک بیان میں کہا کہ جب تک متاثرین کے ورثہ کو اطلاع نہیں دی جاتی اس وقت تک کسی کا بھی نام ظاہر نہیں کیا جائے گا۔