ملک ریاض کراچی اور پشاور کے مالک بننا چاہتے ہیں

سینئیر صحافی حامد میر نے بڑا دعویٰ کر دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 7 دسمبر 2019 13:30

ملک ریاض کراچی اور پشاور کے مالک بننا چاہتے ہیں
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7 دسمبر 2019ء) سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں سینئیر صحافی حامد میر دعویٰ کر رہے ہیں کہ ملک ریاض کراچی اور پشاور پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔حامد میر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ایک مشہور شخصیت ہیں ان کا نام " ملک صاحب " ہے اور وہ کراچی پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔جس پر حامد میر سے سوال کیا جاتا ہے کہ آپ کس ملک صاحب کی بات کر رہے ہیں۔

حامد میر سوال کا جواب دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ ملک ریاض۔حامد میر نے مزید کہا کہ ملک ریاض پورے کراچی کے مالک بننا چاہتے ہیں،وہ پشاور کے بھی مالک بننا چاہتے ہیں۔حامد میر نے ملک ریاض پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹھیک ہے آپ بحریہ ٹاؤن بناتے جائیں، پورے کراچی کو سمندر میں غرق کر کے بھی شاہد ان کی خواہش پوری نہ ہو۔

(جاری ہے)

حامد میر نے مزید کہا کہ کوئی بھی صحافی ان کے خلاف بولتا ہوا نظر نہیں آتا۔

یہ ایک بہت سنجیدہ معاملہ ہے۔کراچی کے لوگ بھی سوچتے ہوں کہ غریب لوگوں کی زمینوں پر قبضہ کر لیا گیا لیکن کسی چینل نے اس حوالے سے کوئی خبر نہیں دی یہاں تک کہ کوئی سیاسی جماعت اس پر نہیں بولی۔بڑے بڑے دعوے کرنے والی سیاسی جماعت بھی ملک ریاض کے سامنے ٹھس ہو گئی ہے۔جب کہ انگریزی لہجے میں بات کرنے والے لیڈر بھی ملک ریاض کے سامنے کچھ نہیں بولتا۔

اسلامی انقلاب کے دعویدار بھی ملک ریاض کے سامنے ٹھس ہو گئے ہیں۔ملک ریاض صحافت کے بھی اور سیاست کے بھی مالک بن بیٹھے ہیں۔حامد میر نے مزید کیا کہا ویڈیو ملاحظہ کجئے:۔
واضح رہے کہ حامد میر کی یہ ویڈیو بظاہر پرانی لگتی ہے تاہم ملک ریاض کی برطانیہ میں رقم پاکستان منتقل ہونے کی خبر کے بعد ان کی یہ ویڈیو ایک بار پھر سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔