امارات میں میڈیکل کے شعبے میں ایک اور حیرت انگیز کارنامہ انجام دے دیا گیا

ایک حادثے میں بچی کا کٹ کر الگ ہونے والا ہاتھ دوبارہ سے بازو کے ساتھ جوڑ دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 7 دسمبر 2019 14:16

امارات میں میڈیکل کے شعبے میں ایک اور حیرت انگیز کارنامہ انجام دے دیا ..
دُبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7دسمبر 2019ء) متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں گزشتہ دِنوں ایک افسوس ناک حادثہ پیش آیاتھا جس کے نتیجے میں ایک بچی شدید زخمی ہو گئی تھی اور اس کا ہاتھ بھی بازو سے کٹ کر الگ ہو کر گِر پڑا تھا۔ 14 سالہ بچی اپنے گھر کے باہرچار پہیوں والی بائیک چلا رہی تھی جب حادثے کے دوران اُس کا ہاتھ سٹیل چین میں پھنس جانے کے باعث الگ ہو گیا تھا۔

تاہم اس بچی کے حوالے سے ایک شاندار خبر سُنا دی گئی ہے۔ دُبئی کے راشد ہسپتال کے ماہر ڈاکٹروں نے بچی کو عمر بھر کی معذوری سے بچا لیا ہے اور اس کا الگ ہونے والا ہاتھ پھر سے بازو سے جوڑ دیا گیا ہے۔ شمع نامی یہ بچے 9ویں گریڈ کی طالبہ ہے جو اپنے انکل کے گھر کے صحن میں حادثے سے دوچار ہوئی۔ بچی کے والد نے بتایا ” بچی بائیک چلاتے وقت اپنے بالوں کو دوبارہ سے حجاب کے اندر کر رہی تھی جب بائیک کا توازن خراب ہو جانے سے وہ حادثے کا شکار ہو گئی اور اس کا ہاتھ سٹیل چین میں پھنس گیا تھا۔

(جاری ہے)

شمع کو ابتداء میں سقر ہسپتال لے جایا گیا جہاں اُس کا کٹا ہوا ہاتھ مخصوص فریزر میں رکھا گیا۔ بعد میں اُسے ہیلی کاپٹر کے ذریعے دُبئی کے راشد ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اُس کا ہاتھ دوبارہ سے بازو سے جوڑنے کی خاطر آٹھ گھنٹے کی طویل سرجری کی گئی۔ یہ آپریشن شام 6 بجے سے رات 2 بجے تک جاری رہا۔ سبحان اللہ! یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔ میری بچی کا کٹا ہوا ہاتھ پہلے کی طرح جوڑ دیا گیا ہے جبکہ اُس کے بازو کے جس حصّے کا گوشت اُڑ گیا تھا، وہاں بھی دوبارہ سے سرجری کر کے اسے ٹھیک کر دیا گیا ہے۔

اس مقصد کے لیے اُس کی ٹانگ سے گوشت کا ایک ٹکڑا اُتارا کر لگایا گیا۔ یہ میری اکلوتی بچی ہے۔“ حکام کی جانب سے والدین کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ بچوں کا خصوصاً تعطیلات کے دوران بہت زیادہ دھیان رکھیں۔ جبکہ بچے سائیکل چلا رہے ہوں تو انہیں سر پر ہیلمٹ باندھنے کی تلقین ضرور کریں۔ اور اس کے علاوہ مخصوص ویسٹ اور دیگر حفاظتی سامان ضرور پہنائیں تاکہ کسی حادثے کی صورت میں ان کو شدید نوعیت کی چوٹیں کم سے کم آئیں۔

جبکہ کرائے پر بائیسکل اور چار پہیوں والی بائیک فراہم کرنے والے دُکان داروں کو بھی تاکید کی گئی ہے کہ وہ بچوں کو سائیکل دیتے وقت انہیں ساتھ میں حفاظتی سامان بھی ضرور دیں، بلکہ انہیں اپنے سامنے یہ سامان پہنوائیں۔ اگر ان ہدایات پر عمل نہ کیا گیا تو خدانخواستہ کسی حادثے کی صورت میں دُکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اُنہیں سزا کے علاوہ کاروبار کی بندش کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔