سعودی طالبات کا انوکھا کارنامہ، ناکارہ بس کو شاندار کلاس رُوم میں بدل کر رکھ دیا

طالبات نے کرین کے ذریعے پُرانی بس کو سکول گراؤنڈ میں پہنچا کر اسے ایسے فنکارانہ مہارت سے بدلا کہ ہر کوئی حیران رہ گیا

ہفتہ 7 دسمبر 2019 14:43

سعودی طالبات کا انوکھا کارنامہ، ناکارہ بس کو شاندار کلاس رُوم میں بدل ..
دمام(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7دسمبر 2019ء) سعودی خواتین صلاحیتوں اور مہارتوں میں کسی بھی لحاظ سے مردوں سے پیچھے نہیں رہیں، بلکہ بعض شعبوں میں تو وہ جنسِ مخالف سے بھی بڑھ چڑھ کر اپنی بے پناہ صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ اسی وجہ سے اُن کی مملکت کے ہر سماجی و معاشی شعبے میں شمولیت بہت تیزی سے بڑھی ہے۔ چند ایسی ہی انتہائی قابل اور باہُنر سعودی طالبات نے ایک ناکارہ اور کھٹارا بس کو ایسا شاندار رُوپ دیا کہ اب وہ نرسری کا کلاس رُوم بن گئی ہے۔

کوئی نہیں کہہ سکتا کہ یہ ایک بے کار اور زنگ آلود بس تھی، جس میں اب ننھے مُنے بچے مزے سے بیٹھ کر تعلیم حاصل کریں گے۔ اُردو نیوز کے مطابق بس کو کلاس رُوم کا رُوپ دینے کا یہ کارنامہ دمام کی امام عبدالرحمن بن فیصل یونیورسٹی کی شعبہ تدریس کی طالبات نے انجام دیا ہے۔

(جاری ہے)

طالبات نے ایک پُرانے ماڈ کی خراب اور ناکارہ بس کو کرین کے ذریعے اسکول کے گراؤنڈ میں پہنچایا، پھر اس پر ایسی بے پناہ محنت کی کہ اُس کی خراب حالت کو یکسر بدل کر رکھ دیا۔

طالبات کی فنی مہارت کو مرحلہ وار تصاویر کی صورت میں پیش کیاگیا ہے۔ جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ ہرگز بھی ایک آسان کام نہ تھا ، اس کام میں انہیں کئی ہفتے لگ گئے۔ اب اس بس کا ڈیزائن دیکھ کر حیران ہوتا ہے جس طرح سے یہ ایک خوبصورت تصاویر اور رنگوں سے مزین کلاس رُوم کا نقشہ پیش کر رہی ہے۔ جس میں نرسری کلاس کے بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ اس منصوبے پر کام کرنے والی طالبات نے مقامی اخبار کو بتایا کہ اُنہوں نے جب اس ناکارہ بس کو دیکھا تو انہیں خیال آیا کہ کیوں نہ اسے ایک کلاس رُوم کا رُوپ دیا جائے۔

بس میں جگہ پیدا کرنے کے لیے اس کی سیٹیں نکال دی گئیں۔ پھر اس میں مختلف قسم کی پینٹنگ اور فنی مہارتیں دکھائی گئیں۔ طالبات کا کہنا تھا کہ اس بس میں سجی کلاس رُوم میں ہر کسی بچے کا بیٹھ کر شوق سے تعلیم حاصل کرنے کو جی چاہے گا۔ یہاں کا منظر بچوں کے سامنے اسکول اور کلاس رُوم کو ایک مزے کی جگہ کے طور پر پیش کرتا ہے۔ماہرین تعلیم کا کہنا تھا کہ دمام کی یونیورسٹی کے شعبہ تدریس کی طالبات کا یہ فنکارانہ کام انتہائی قابلِ ستائش اور منفرد ہے اور اُن کے بے لوث جذبہ، لگن اور محنت کو ظاہر کرتا ہے۔ ا س سے دیگر طلباء و طالبات کو بھی بچوں کے لیے تعمیری کام کرنے کی ترغیب حاصل ہو گی۔
سعودی طالبات کا انوکھا کارنامہ، ناکارہ بس کو شاندار کلاس رُوم میں بدل ..

متعلقہ عنوان :