کماد کی پیداوار میں اضافہ کا پروگرام،درخواستیں 20 دسمبرتک وصو ل کی جائیں گی

ہفتہ 7 دسمبر 2019 15:11

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2019ء) وزیراعظم پاکستان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت محکمہ زراعت نے کماد کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لئے پروگرام کا آغاز کردیا جس کے تحت نمائشی پلاٹوں کی کاشت کیلئے کاشتکاروں سے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں ۔زرعی ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ منتخب اضلاع کے ایسے مرد و خواتین کاشتکار جو 5 ایکڑ سے 25 ایکڑ تک قابل کاشت اراضی کے مالک ہیں درخواست دے سکتے ہیں۔

حکومت پنجاب کی جانب سے ایک ایکڑ نمائشی پلاٹ کیلئے زیادہ سے زیادہ 30 ہزار روپے اخراجات ادا کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

نمائشی پلاٹ کیلئے شرائط درخواست فارم پر درج ہیں جو متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) اور زراعت آفیسر (توسیع) کے دفاتر سے مفت حاصل کئے جا سکتے ہیں یا محکمہ پنجاب کی ویب سائٹ www.agripunjab.gov.pk سے مفت ڈاؤن لوڈ کئے جا سکتے ہیں۔ فارم کی فوٹو کاپی بھی قابل قبول ہوگی۔ تمام درخواستیں تحصیل کی سطح پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کے دفاتر میں 20 دسمبر 2019 تک وصول کی جائیں گی۔ درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد محکمہ زراعت کی سفارشات کے مطابق کاشتکار پلاٹ کاشت کرنے کا پابند ہوگا۔ مزید معلومات کے لئے کاشتکار 042-99200734/ 99203709 پر دفتری اوقات میں رابطہ کر سکتے ہیں۔