دُبئی: افغانی باشندے کی ہوشیار ی کسی کام نہ آ سکی، گرفتار کر لیا گیا

25 سالہ نوجوان پیٹ میں ہیروئن کی بھاری مقدار چھُپا کر امارات اسمگل کرنے کی کوشش میں جیل پہنچ گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 7 دسمبر 2019 15:33

دُبئی: افغانی باشندے کی ہوشیار ی کسی کام نہ آ سکی، گرفتار کر لیا گیا
دُبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7دسمبر 2019ء) دُبئی کی عدالت نے ایک افغانی باشندے کو منشیات اسمگل کرنے کے جُرم میں 10 سال قید کی سزا سُنا دی ہے۔ 25 سالہ نوجوان کے پیٹ سے 1 کلو گرام سے زائد مقدار کی ہیروئن برآمد ہوئی تھی، جس پر اُسے گرفتار کر کے انسدادِ منشیات کے حوالے کر دیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق افغانی اسمگلر 14 اکتوبر 2019ء کو وزٹ ویزہ پر دُبئی آیا تھا، تاہم ایئر پورٹ پر تعینات کسٹم انسپکٹرز کو اس کی طبیعت خراب ہونے پر شک ہوا جس کے بعد اُس کے جسم کی اسکیننگ کروائی گئی۔

تو اُسکے معدے میں سینکڑوں ننھی منی چیزیں ظاہر ہوئیں۔ جن پر کیپسولز کا شبہ ہوا۔ ملزم کو گرفتار کرنے والے انسدادِ منشیات کے ایک اہلکار نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے ایکسرے لیے گئے تو پتا چلا کہ اُس کے پیٹ میں کیپسولز ہیں، جن پر منشیات کے کیپسولز کا شبہ ہوا۔

(جاری ہے)

جس کے بعد اُسے نارکوٹکس ڈائریکٹوریٹ لایا گیا اور پھر وہاں سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

جہاں اُس کی نگرانی کے لیے دو پولیس اہلکار تعینات کر دیئے گئے۔ بعد میں ملزم کے جسم سے برآمد ہونے والے کیپسولز کو چیک کیا گیا تو وہ ہیروئن سے بھرے ہوئے تھے، جن کا وزن ایک کلو گرام سے زائد تھا۔ ملزم کو چند روز تک ہسپتال میں رکھا گیا جب تک اُس کے جسم سے ہیروئن کے کیپسولز کی تمام مقدار برآمد نہ کر لی گئی۔یہ 99 کیپسولز مجموعی طور پر ایک کلو گرام وزن کے تھے۔

بعد میں اُسے دوبارہ انسدادِ منشیات کے ڈائریکٹوریٹ لے جا کر اس سے تفتیش کی گئی۔ تو اُس نے بتایا کہ اُسے افغانستان میں ایک جاننے والے نے یہ کیپسولز دیئے تھے جو اُس نے دُبئی میں موجود کسی شخص کو پہنچانا تھے۔ اس کام کے بدلے میں اسے دُبئی میں ملازمت فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ عدالت نے تمام ثبوتوں کو سامنے رکھتے ہوئے ملزم کو 10 سال قید کی سزا سُنا دی، اس کے علاوہ اُسے پچاس ہزار درہم بطور جرمانہ ادا کرنے کا حکم بھی سُنایا گیا ہے۔ ملزم کو سزا کے بعد ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔ افغانی ملزم کو اس سزا کے خلاف اگلے پندرہ روز میں اپیل کرنے کا حق دیا گیا ہے۔