اوکاڑہ: ”ووٹ کا حق افراد اور اداروں کو مضبوط بناتا ہے“: ڈاکٹر زکریاذاکر

وائس چانسلر اوکاڑہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر کا نیشنل ووٹر ڈے کی مناسبت منعقدہ سیمینار سے خطاب

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 7 دسمبر 2019 16:23

اوکاڑہ: ”ووٹ کا حق افراد اور اداروں کو مضبوط بناتا ہے“: ڈاکٹر زکریاذاکر
اوکاڑہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7دسمبر 2019ء، نمائندہ خصوصی، ساجد علی) ہر شہری کو اپنے ووٹ کا اندراج کروانا چاہیے کیونکہ ووٹ کا حق اداروں اورافراد کو مضبوط بناتا ہے اور ان میں اپنے معاشرتی اور معاشی حالات کو بدلنے کا حوصلہ اور شعور پیدا کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر اوکاڑہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے یونیورسٹی میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس سیمینار کا انعقاد نیشنل ووٹر ڈے کی مناسبت سے کیا گیا۔ یہ دن ہر سال 7 دسمبر کو منایا جاتا ہے۔ نیشنل ووٹر ڈے کے حوالے سے منعقدہ اس سیمینار میں طلباء ، اساتذہ اور اسٹاف کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے جمہوری معاشرے میں ووٹ کی اہمیت اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو اس بات کی ترغیب دی کہ وہ اپنے ووٹ کا اندراج کروایں اور اس حق کو عقلمندی سے استعمال کریں تاکہ ان کے مسائل حل ہو سکیں۔

(جاری ہے)

ووٹ ڈالتے وقت برادری، اُمیدوار کی دولت یا دیگر منفی رحجانات کو مدنظر نہ رکھنا چاہئیں۔ ڈاکٹر زکریا کا کہنا تھاکہ ووٹ جمہورٹ کا حسن ہے اور جمہوریت ہی عصر حاضر کے مسائل اور چیلینجز کا واحد حل ہے۔ مسائل کا شکوہ کرنے کی بجائے شہریوں کو جمہوری عمل کاحصہ بننا چاہیے تاکہ وہ اپنے نمائندے خود چن سکیں اور اقتدار میں حصے دار بن سکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی اپنے 12 ہزار طلباء کو معیاری اعلی تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے اندر اخلاقی اور جمہوری اقدار پیدا کرنے کیلیے بھی کوشاں ہے۔ نوجوانوں کو اپنی شہری ذمہ داری کا احساس ہونا چاہیے اور وہ پڑھے لکھے نمائندوں کو ووٹ دیں تاکہ معاشرتی تبدیلی کی راہ ہموار کی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :