این ای ڈی یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلباء و طالبات دنیا بھر میں اہم عہدوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں ، گورنرسندھ

موجودہ حکومت کی بہترین معاشی پالیسی کے ثمرات عوام تک پہنچا شروع ہوگئے ،عمران اسماعیل کایونیورسٹی کی28 ویں کانووکیشن کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 7 دسمبر 2019 16:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2019ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ نو دہائیوں پر مشتمل تاریخ میں این ای ڈی یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلباء و طالبات نہ صرف پاکستان بلکہ شمالی امریکہ ، یورپ اور آسٹریلیا سمیت پوری دنیا کے دیگر ممالک کے اہم عہدوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں۔ حکومت وقت نے آپ پر بے پناہ ریسورسیز لگائے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے آپ ملک و قوم کو اپنی بہترین خدمات فراہم کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے 28 ویں کانووکیشن کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر برائے تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ شفقت محمود، چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر جاوید سلیم قریشی اور طلباء و طالبات کے والدین کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی بہترین معاشی پالیسی کے ثمرات عوام کے سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں اس ضمن میں بین الاقوامی معاشی ادارے کی جانب سے رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ 2024 ء میں دنیا کی 70 فیصد معیشت کا دارومدار جن 20 ممالک میں ہوگا ان میں پاکستان بھی شامل ہے، کاروبار میں آسانیاں فراہم کرنے والے ممالک کی درجہ بندی میں کئی درجے بہتری ظاہر کرتی ہے کہ موجودہ حکومت پر بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ نوجوانوں انٹر پرینیورز کے لئے کامیاب جوان پروگرام کا آغا کردیا گیا جس کے تحت ہنر مند اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو آسان شرائط پر بلا سود قرضے فراہم کئے جارہے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ہمارے ملک کی ترقی کا دارومدار جامعات سے فارغ التحصیل ہونہار ، قابل اور با صلاحیت طلباء و طالبات کے ساتھ جڑا ہوا ہے کیونکہ یونیورسٹیز اعلیٰ تعلیم ، تحقیق اور ترقی کے مراکز ہوتے ہیں جن کا براہ راست اثر قومی معیشت پر پڑتا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ جامعات سے فارغ التحصیل طلباء و طالبات آج اپنے پروفیشنل کیریئر کا آغاز کرنے جا رہے ہیں اس ضمن میں ان کو ملک و قوم کا مفاد ہر صورت مقدم رکھنا ہوگا۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ این ای ڈی کا سی پی ای سی (CPEC) یونیورسٹیز کے کنسورشیم کے ذریعہ چینی شہر کی نامور جامعات کے ساتھ قریبی روابط کا قیام ہونا خوش آئند امر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجود انجینئرنگ یونیورسٹیز کے ساتھ ساتھ این ای ڈی یونیورسٹی بھی تحقیقی کاوشوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کی معیشت میں اپنا حصہ ڈال رہی ہے، اس ضمن میں جدید ٹیکنالوجی سے وابستہ این ای ڈی یونیورسٹی نے قومی چیلنج کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلا واٹر انسٹی ٹیوٹ کا قیام عمل میں لایاجو کہ خوش قابل ستائش ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ یہ بات قابل فخر ہے کہ این ای ڈی یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی اساتذہ کی تعداد میں کافی اضافہ ہوا ہے جن میں سے بیشتر معروف بین الاقوامی یونیورسٹیز میں اپنی خدمات بھی سرانجام دے چکے ہیں، میری خواہش ہے کہ اساتذہ اپنے پورے جوش و جذبے اور محنت کے ساتھ اپنا علم وتجربے کو قوم کی نئی نسل تک منتقل کریں ۔

مجھے یہ جان کر خوشی محسوس ہوئی ہے کہ این ای ڈی یونیورسٹی کے بین الاقوامی تعلیمی اداروں کے ساتھ قریبی روابط ہیں جو کہ نوجوان نسل کو دور حاضر کی ٹیکنالوجی حاصل کرنے میں سود مندثابت ہورہی ہے۔ گورنر سندھ نے طلباء و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو آپ لوگوں سے بہت توقعات وابستہ ہیں اور میں چاہتا ہوں کہ آپ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور حصہ ڈالیں۔

گورنر سندھ نے اس بات کی بھی یقین دہانی کروائی کہ حکومت این ای ڈی یونیورسٹی کو تعلیمی منصوبوں ، تحقیق اور ترقیاتی پروگرامز میں مدد فراہم کرنے میں معاونت جاری رکھے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے بتایا کہ ہم اب تک پاکستان کی واحدجامعہ ہیں جہاں چینی زبان کی تعلیم لازمی ہے جوکہ مستقبل میں انجینئرز کے لیے انتہائی سودمند ثابت ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ جلسہ تقسیم اسناد2019 میں 13طالب علموں کو ڈاکٹریٹ کی سند جبکہ امتیازی نمبر حاصل کرنے والے 27طلبا و طالبات کو گولڈ میڈلز دیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جامعہ این ای ڈی سے اس برس پاس آئوٹ گریجویٹس کی کُل تعداد 2113 جبکہ ماسٹرز کی تعداد 843ہے۔