Live Updates

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان

مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم کی قومی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی، سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 11 سے 15دسمبر تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا

ہفتہ 7 دسمبر 2019 17:19

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 دسمبر2019ء) مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم اور عثمان شنواری کوآئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل سری لنکا کے خلاف دو میچز میں شرکت کے لیے قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔ دونوں کھلاڑیوں کو افتخار احمد اور محمد موسیٰ کی جگہ قومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
34 سالہ فواد عالم نے اپنا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ نومبر 2009 میں کھیلا تھا تاہم عثمان شنواری اب تک اپنے ٹیسٹ کیرئیر کا آغاز نہیں کرسکے۔

فاسٹ باوٴلر پاکستان کی جانب سے 17 ایک روزہ اور 16 ٹی ٹونٹی میچز کھیل چکے ہیں۔
ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فواد عالم نے ڈومیسٹک سیزن 16-2015 میں56 کی اوسط سے672 رنز بنائے۔انہوں نے سیزن 17-2016 میں 55سے زائد کی اوسط سے 499 ، سیزن 18-2017 میں 570 رنز اور گذشتہ سیزن میں 699 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

حالیہ سیزن میں فواد عالم نے71 کی اوسط سے 781 رنز بنائے۔


عثمان شنواری حالیہ سیزن کے چھ فرسٹ کلاس میچز میں 15وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 11سے 15 دسمبر تک راولپنڈی جبکہ دوسرا 19سے 23 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔
اسکواڈ:
1.    اظہر علی (کپتان)(سنٹرل پنجاب)
2.    عابدعلی(سندھ)
3.    اسد شفیق (سندھ)
4.    بابراعظم (سنٹرل پنجاب)
5.    فواد عالم (سندھ)
6.    حارث سہیل (بلوچستان)
7.    امام الحق (بلوچستان)
8.    عمران خان سینئر(خیبرپختونخوا)
9.    کاشف بھٹی (سندھ)
10.    محمد عباس(سدرن پنجاب)
11.    محمد رضوان (وکٹ کیپر) (خیبرپختونخوا)
12.    نسیم شاہ (سنٹرل پنجاب)
13.    شاہین شاہ آفریدی (ناردرن)
14.    شان مسعود (سدرن پنجاب)
15.    یاسر شاہ (بلوچستان)
16.    عثمان شنواری (خیبرپختونخوا)
مصباح الحق، چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم:
چیف سلیکٹراور ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم مصباح الحق نے کہا کہ وہ فواد عالم کو ٹیم میں منتخب ہونے پر مبارکباددیتے ہیں۔

یہ ان کی انتھک محنت کا صلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ فواد عالم کا ٹیم میں انتخاب ایمرجنگ کرکٹرز اور سلیکٹرز دونوں کے لیے ایک مثال ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ عثمان شنواری گذشتہ چند سالوں سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے پول کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فاسٹ باوٴلر نے قائداعظم ٹرافی میں بہترین فٹنس کے ساتھ عمدہ باوٴلنگ کا مظاہرہ کیا، امید ہے شاہین شاہ آفریدی، محمد عباس، نسیم شاہ اور عمران خان سینئر کی موجودگی میں ان کی شمولیت سے قومی ٹیم کو فائدہ ہوگا۔


مصباح الحق نے کہا کہ محمد موسیٰ سیریز کے لیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے تاہم وہ اس دوران باوٴلنگ کوچ وقار یونس کے ہمراہ اپنی باوٴلنگ پر کام کریں گے۔
مصباح الحق نے کہا کہ ہم نے آسٹریلیا کے خلاف قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے سولہ میں سے چودہ کھلاڑیوں کو سری لنکا سیریز میں برقرار رکھا ہے۔ انہوں نے کہاامید ہے کہ یہ 14 کھلاڑی سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ دورہ آسٹریلیا میں ہمیں توقعات کے مطابق نتائج نہیں مل سکے۔ مصباح الحق نے کہا کہ قومی ٹیم وہاں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکی۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سیریز ہمارے لیے سیکھنے کا بہترین موقع تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات