Live Updates

کامیاب جوان پروگرام"100فیصد نوجوانوں کیلئے ہے، جو ملک کے 68فیصد آبادی کیلئے باعزت روزگار فراہم کرنے کا وسیلہ بنے گا،

10لاکھ جوانوں کی جانب سے کاروباری قرضہ کے حصول کیلئے درخواستیں، پروگرام کی کامیابی اور مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں "کامیاب جوان" اور "سٹارٹ اپ پاکستان پروگرام " کی افتتاحی تقریب سے خطاب

ہفتہ 7 دسمبر 2019 18:22

کامیاب جوان پروگرام"100فیصد نوجوانوں کیلئے ہے، جو ملک کے 68فیصد آبادی ..
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2019ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام"100فیصد نوجوانوں کیلئے ہے، جو ملک کے 68فیصد آبادی کیلئے باعزت روزگار فراہم کرنے کا وسیلہ بنے گا، 10لاکھ جوانوں کی جانب سے کاروباری قرضہ کے حصول کیلئے درخواستیں پروگرام کی کامیابی اور مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں، اس پروگرام کیلئے 100ارب روپے رکھے گئے ہیں جس میں سے کم از کم 25ارب خواتین کو ملیں گے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں "کامیاب جوان" اور "سٹارٹ اپ پاکستان پروگرام " کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ میرٹ کی بنیاد پر آن لائن سسٹم کے تحت قرضوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے "کامیاب جوان" پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کا مقصدکاروبار میں آسانیاں پیدا کرنا، چھوٹی اور درمیانی صنعت کوزیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام 100 فیصد نوجوانوں کیلئے ہے، چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتیں بھی اس سے فائدہ اٹھا سکیں گی، 10 لاکھ قرض کی در خواستیں حکومت پر اعتماد کا اظہار ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن پنجاب چودھری محمد اخلاق, وائس چانسلر جی سی وویمن یونیورسٹی پروفیسر رخسانہ کوثر, صدر چمبر آف کامرس ملک اشرف, ڈاکٹر افضال بٹ, ڈاکٹر شگفتہ, کرنل (ر) قمر شہزاد گیلانی,شبینہ گیلانی, حسن سید اور شہزاد احمد کے علاوہ مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق کامیاب جوان پروگرام میں 100فیصد شفافیت کو برقرار رکھا جائے گا اور ان کی یہ بھر پور کوشش ہوگی کہ یہ پروگرام نوجوانوں کے اعتماد پر پورا اترے اور نوجوان کو چھوٹے اور درمیانے کاروبار کے آغاز کے لئے بغیر سفارش سے آسانی سے جلد از جلد قرضہ جات فراہم کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ 10 لاکھ نوجوانوں نے صرف اس لئے حکومت کو آسان قرضوں کیلئے درخواستیں دیں جو اس پروگرام پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہے، میرے لئے یہ بات باعث فخر ہے کہ پہلے مرحلے میں ایک لاکھ 90 ہزار خواتین نے بزنس پلان پیش کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبارکو سہولیات دے رہے ہیں، حکومت کا کام روکاٹیں ختم کرنا ہیں جو کاروبار کے راستے میں آتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب معاشروں میں اور پیچھے رہ جانے والے معاشروں میں فرق یہ ہوتا ہے کہ کامیاب معاشرے میں میرٹ، ہرقسم کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں جس معاشرے میں جذبہ ہوتا ہے وہ میرٹ کو فروغ دے کر ترقی کی راہ پر گامزن ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو دیکھیں تو ہر شعبہ میں ٹاپ پر پاکستانی لوگ ملیں گے ، وہ معاشرے محنت کا پھل دیتے ہیں، جب ہم نئے پاکستان کی بات کرتے ہیں تو نئی سوچ کی بات کرتے ہیں جس میں میرٹ کو اوپر لا رہے ہیں، کاروبار میں آسانی پیدا کر رہے ہیں ،چھوٹی اور درمیانی صنعت کو سب سے زیادہ آسانیوں کی ضرورت ہے ، بڑے کاروبار والوں کے پاس مشکلات دور کرنے کیلئے بے پناہ وسائل ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں بدقسمتی سے نوجوانوں کو سب سے کم سہولیات اور سب سے زیادہ مشکلات دی گئیں، میری کوشش ہے کہ اپنی پوری توجہ کاروبار میں آسانیوں پیدا کروں۔تقریب سے صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن پنجاب چودھری محمد اخلاق صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن پنجاب چودھری محمد اخلاق نے اپنے خطاب میں کہا کہ "کامیاب جوان پروگرام " کی بدولت جوانوں کو نوکریوں کیلئے سیاسی ڈیروں پر چکر نہیں کاٹنے پڑیں گے بلکہ باعزت کاروبار کرکے کئی بیروزگاروں کی روزی کا وسیلہ بنیں گے۔

ہمارا منشور ہے کہ ہیومن ڈ ویلپمنٹ کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک اپنا ووٹ کا درست استعمال نہیں کریں گے تو مسائل حل نہیں ہونگے، جب تک خواتین معاشی طور پر آزاد نہیں ہونگی وہ اپنی صلاحیتوں کا اظہار نہیں کرسکتیں۔ تقریب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ کوثر ،حسن سید (کامیاب جوان )، فوکل پرسن سٹارٹ اپ پاکستان پروگرام شہزاد گل ،ممبر یوتھ کونسل میڈیم فرخ چودھری اورارسلان شاہد نے بھی خطاب کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات