Live Updates

پی ٹی آئی حکومت نظام بدلنے کیلئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے،مسلم لیگ (ن)

مائنس ون فارمولہ کی بات کرتے کرتے خود مائنس ہو گئی،پہلے نواز پھر شہبازاور مریم نواز بھی مائنس ہو چکی ہیں، اپوزیشن کو بطور وزیر اعظم عمران خان کو ہی قبول کرنا پڑیگا‘وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین کی پریس کانفرنس

ہفتہ 7 دسمبر 2019 19:04

پی ٹی آئی حکومت نظام بدلنے کیلئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے،مسلم لیگ ..
لاہور۔7 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2019ء) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) حکومت نظام بدلنے کیلئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے،مسلم لیگ (ن) مائنس ون فارمولے کی بات کرتے کرتے خود مائنس ہو گئی،پہلے نواز پھر شہبازاور مریم نواز بھی اپوزیشن میں مائنس ہو چکی ہیں‘ اپوزیشن کو اپنے لیڈر کی تلاش ہے، اپوزیشن کو بطور وزیر اعظم عمران خان کو ہی قبول کرنا پڑیگا۔

وہ ہفتہ کے روز یہاں پاکستان کونسل آف سائنٹفک ریسرچ(پی سی ایس آئی آر) میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ عمران خان جیسا لیڈر کسی سیاسی جماعت میں نہیں‘ اپوزیشن کو اگر کوئی گلے شکوے ہیں تو وہ دور کئے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ احسن اقبال اور(ن) لیگ مائنس ون فارمولے کی بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان صرف پی ٹی آئی کے نہیں پورے ملک کے لیڈر ہیں‘ مسلم لیگ (ن) مائنس ون فارمولے کی بات کرتے کرتے خود مائنس ہو گئی ہے جس میں نواز شریف اس کے بعد شہباز شریف اور مریم نواز بھی اپوزیشن میں مائنس ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شریف برادران سیاست پاکستان میں اور میٹنگ لندن میں کر رہے ہیں‘چیف الیکشن کمشنر کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کی طرف سے ردعمل مثبت رہا‘ الیکشن کمیشن کا معاملہ امید ہے اتفاق رائے سے حل ہو جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ فوج‘ عدلیہ اور حکومت کو حقیقت کا ادراک کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا نقطہ نظر بھی ہے ،طلباء یونینز کو بحال ہونا چاہئے لیکن اس کیلئے کوئی طریقہ کار طے کرنا پڑیگا کیونکہ ماضی میں پنجاب یونیورسٹی میں جمعیت اور دوسرے تعلیمی اداروں میں کئی طلباء تنظیموں کا کردار اچھا نہیں تھا‘ ہم وہ یونینز بحال کرینگے جو صرف طلباء کے مسائل اور ان کے حل کیلئے کام کریں‘ بیرون ممالک کی معروف یونیورسٹیوں میں بھی طلباء یونینز موجود ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چیف منسٹرز کے احتساب کا کوئی نظام نہیں ہے‘ صوبوں میں مالیاتی تقسیم کا نظام بہتر ہو رہا ہے جس کی وجہ سے پنجاب کے بہت سارے پیسے اب جنوبی پنجاب میں خرچ ہورہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کے تفصیلی فیصلے کا انتظار ہے اس کے بعد دیکھیں گے کہ آگے کیسے چلنا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ شریف برادران کافی مدت کے بعد واپس آئیں گے اگر پنجاب کے شہباز شریف باہر چلے گئے ہیںتو سندھ کے آصف زرداری کو بھی چلے جانا چاہیے۔ اس سے قبل وفاقی وزیر نے انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن (آئی ایس ایف) کے وفد سے ملاقات کی اور طلباء یونینز کی بحالی اور ان کے مثبت کردار پربات چیت کی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات