صوبے میں بجلی کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لئے ٹرانسمیشن لائن کی اپ گریڈیشن ناگزیر ہے،محمود خان

ہفتہ 7 دسمبر 2019 19:19

صوبے میں بجلی کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لئے ٹرانسمیشن ..
پشاور۔07دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2019ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے میں بجلی کے مسائل کومستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لئے ٹرانسمیشن لائن کی اپ گریڈیشن ناگزیر ہے۔ انہوں نے نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں بجلی کے مسائل گریڈ سٹیشن اور بجلی کی تنصیبات کو بہتر بنانے جبکہ وہاں پر عوام کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی ممکن بنانے پر بھی زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں انرجی اینڈ پاور کے نئے پراجیکٹس کو نیشنل گریڈ میں شامل کرنے کے لئے بھی موجودہ حکومت خصوصی اقدامات کر رہی ہے جس سے نہ صرف بجلی کے مسائل پر قابو پالیا جائیگا بلکہ صوبے کے محاصلات بھی بڑھیں گے۔

وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں نیپرا کے چیئرمین توصیف ایچ فاروقی کے ساتھ صوبے میں بجلی کے مسائل کے حوالے سے گفتگو کرر ہے تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں وزیراعلیٰ کے مشیر برائے توانائی حمایت اللہ خان ، صوبہ خیبرپختونخوا کے نیپراممبر انجنیئر بہادر شاہ، ممبر پنجاب سیف اللہ چٹا، ممبر سندھ رفیق احمد شیخ، ممبر بلوچستان رحمت اللہ بلوچ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ ودیگر نے شرکت کی۔

ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ اور چیئرمین نیپراکے درمیان صوبے میں بجلی کی بہتری کے لئے دو طرفہ امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ملک کے ہر صوبے کے بجلی کے اپنے مسائل ہیں ، صوبہ خیبرپختونخوا بشمول قبائلی اضلاع میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دیرپا حل کے لئے صوبائی حکومت نیپرا کے ساتھ مل کر اقدامات اٹھائے گی۔ انہوںنے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نیپرا کے تعاون سے صوبے میں ہائیڈرو پاور پراجیکٹس، بجلی کی ویلنگ ، توانائی کے دیگر مسائل پر پیش رفت کی خواہش مند ہے ۔

انہوں نے نیپرا کو یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ جس فورم پر صوبائی حکومت کی مدد کی ضرورت ہو گی ، فراہم کریں گی۔ وزیراعلیٰ نے نیپرامیں صوبائی نمائندگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس ماڈل سے ملک کے تمام صوبوں میں بجلی کے مسائل کے حل میں کافی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اکٹھے ملکر ملک کو ترقی کی طرف آگے لیکر چلنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے نیپرامیں صوبائی نمائندگی پر بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ اقدام نہایت اہمیت کا حامل ہے ، اس سے تمام صوبوں کے بجلی اور توانائی کے مسائل احسن طریقے سے حل ہوں گے۔

چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے بتایا کہ نیپرا صوبہ خیبرپختونخوا میں بجلی کے مسائل کے حل کے لئے صوبائی حکومت کے ساتھ ہر قسم سے تعاون کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ نیپرانے صوبہ سندھ کو اپنی بجلی پیدا کرنے اور نیشنل گرڈ سٹیشن کو دینے کے لئے پہلے سے ہی لائسنس فراہم کیا ہے جبکہ اسی طرز پر صوبہ خیبرپختونخوا کو بھی اپنی ٹرانسمیشن لائن اور ٹرانسمیشن کمپنیز کے لئے لائسنس کی فراہمی کے لئے اقدامات ممکن بنائے گی جس سے خیبرپختونخوا نہ صرف اپنی بجلی پیدا کر سکے گا بلکہ وافر مقدار میں بجلی نیشنل گرڈ سٹیشن میں بھی فراہم کی جا سکے گی۔