نیب نے ڈپٹی چیئر مین سینیٹ کو طلب کرنے کی خبروں کی تردید کر دی

سلیم مانڈوی والا کو 9دسمبر کو طلب نہیں کیا، میڈیا میں چلنے والی خبریں بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں.ترجمان نیب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 7 دسمبر 2019 19:49

نیب نے ڈپٹی چیئر مین سینیٹ کو طلب کرنے کی خبروں کی تردید کر دی
روالپنڈی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07 دسمبر۔2019ء ) نیب نے ڈپٹی چیئر مین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کے حوالے سے طلب کرنے کی خبروں کی تردید کر دی ہے . آج ذرائع ابلاغ کے ذریعے اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ نیب نے جعلی اکاﺅنٹس کیس میں ڈپٹی چیئر مین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کو بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کر لیا کرتے ہوئے انہیں 9 دسمبر کو طلب کیا ہے.

ترجمان نیب کی طرف سے وضاحت سامنے آئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نیب نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کو 9دسمبر کو طلب نہیں کیا، میڈیا میں چلنے والی خبریں بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں.

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کو طلب کیا ہے اطلاعات میں بتایا گیا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والاکوطلب کر لیا ، نیب راولپنڈی نے سلیم مانڈوی والا کو 9 دسمبر کو جعلی بینک اکاﺅنٹس کیس سے متعلق پوچھ گچھ کیلئے طلب کیا ہے‘سابق ایم ڈی اعجازہارون سے لین دین سے متعلق بھی نیب سوالات کرے گا ، اعجاز ہارون اومنی گروپ کو12پلاٹ فرضی نام پرالاٹ کرنے پرنیب حراست میں ہے .

قبل ازیں قومی احتساب بیورو راولپنڈی نے جعلی بینک اکاﺅنٹس کیس میں کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے اوورسیز کوآپریٹو ہاﺅسنگ سوسائٹی کے چیئرمین اعجاز ہارون کو گرفتار کرلیا تھا .نیب راولپنڈی نے اعجاز ہارون کو جعلی اکاﺅنٹس کیس اور بطور سیکرٹری کڈنی ہلزہاﺅسنگ اسکیم سے پلاٹ دینے کاالزام ہے . اس حوالے سے نیب ذرائع کا کہناتھا ہے کہ اعجازہارون نے اومنی گروپ کو12پلاٹ فرضی ناموں پر جاری کیے، ان پلاٹوں کی الاٹمنٹ بھی غیرقانونی طریقے سے کی گئی .

قومی احتساب بیورو کے مطابق پلاٹوں کی144ملین روپے رقم دو جعلی اکاﺅنٹ سے ادا کی گئی، یہ اکاﺅنٹ اومنی گروپ کے لکی، اےون انٹرنیشنل کے نام پر تھے، اعجاز ہارون آصف زرداری کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں‘یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی احتساب بیورو نے زمینوں کی غیر قانونی فروخت میں ملوث سرکاری افسران کو اسلام آباد سے کراچی منتقل کردیا، گرفتار 2ملزمان کا تعلق واٹربورڈ اور 2 کا کے ڈی اے سے ہے . ذرائع کے مطابق ملزمان نے اربوں روپے مالیت کی زمینیں جعل سازی سے الاٹ کیں، گرفتار افسران نے جعلی کاغذات بنا کر زمینیں لینڈ مافیا کو فروخت کیں .