Live Updates

فواد چودھری کیخلاف نااہلی کیلئے آئینی درخواست سپریم کورٹ میں دائر

وفاقی وزیرنے تصفیے کے بعد ملنے والی رقم پر غلط بیانی کی ،درخواست گزار

ہفتہ 7 دسمبر 2019 21:31

فواد چودھری کیخلاف نااہلی کیلئے آئینی درخواست سپریم کورٹ میں دائر
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2019ء) برطانوی ایجنسی (این سی ای) سے تصفیے کے بعد واپس ملنے والی رقم پر وفاقی وزیر فواد چودھری کے بیانات پر نااہلی کے لئے آئینی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی گئی ہے۔ درخواست سماجی کارکن محمود اختر نقوی نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں دائر کی ہے جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ فواد چودھری نے تصفیے کے بعد ملنے والی رقم پر غلط بیان بازی کی ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں وزیر اعظم عمران خان، وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر، وزیر ریلوے شیخ رشید، سیکرٹری وزارت خارجہ، چیئرمین نیب اورلندن میں پاکستا نی سفیر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست گزار کا کہنا ہے کہ غلط بیان بازی اور جھوٹ بولنے والا قومی اسمبلی کا رکن نہیں رہ سکتا لہذا آرٹیکل 63 ون جی کے تحت وفاقی وزیر کو نااہل قراردیا جائے۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ جب تک درخواست کا فیصلہ نہیں آتا تب تک فواد چودھری کی رکنیت معطل کرکے سرکاری عہدہ استعمال کرنے سے روکا جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات