Live Updates

لندن میں شہباز شریف کی زیرصدارت مسلم لیگ نون کا اعلی سطحی اجلاس

نون لیگی راہنماﺅں کا وفد ایون فیلڈ اپارٹمنٹ میں نوازشریف سے بھی ملاقات کرئے گا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 7 دسمبر 2019 20:04

لندن میں شہباز شریف کی زیرصدارت مسلم لیگ نون کا اعلی سطحی اجلاس
لندن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07 دسمبر ۔2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راہنماﺅں کا لندن میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی صدارت میں اجلاس ہوا جہاں آرمی چیف کی مدت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اراکین تعیناتی سمیت دیگر پارلیمانی امور پر مشاوت کی گئی. پارٹی صدر شہباز شریف سے مشاورت کے لیے لندن پہنچنے والے راہنماﺅں میں خواجہ آصف، احسن اقبال، سینیٹر پرویز رشید، رانا تنویر حسین، سردار ایاز صادق اور مریم اورنگ زیب شامل ہیں جبکہ مشاورت میں اسحاق ڈار بھی شریک تھے‘مسلم لیگ (ن) کا مشاورتی اجلاس ایجویئر روڈ میں ماروش گارڈن میں ہوا.

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر دفاع اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن کا موقف ہے کہ پارلیمنٹ میں ان ہاﺅس تبدیلی آ جائے‘انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ کے باہر سیاسی ایشوز سے متعلق قیادت کو آگاہ کیا گیا جبکہ پارلیمنٹ میں نئی قانون سازی سے متعلق بھی آگاہ کیا .

انہوں نے کہا کہ اجلاس کے دوران برطانیہ سے رقم کی پاکستان منتقلی پر بات نہیں ہوئی‘خواجہ آصف نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ایکسٹینشن کے معاملے پر ابھی بات نہیں کرنا چاہتا . اجلاس کے بعد لیگی رہنما ایون فیلڈ پہنچے تو حسین نواز اور دیگر نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد سینئر راہنماﺅں نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں ایاز صادق، مریم اورنگزیب، خرم دستگیر، سینیٹر پرویز رشید، خواجہ آصف، اسحاق ڈار، احسن اقبال، امیر مقام اور رانا تنویر شامل تھے .

یاد رہے کہ اس سے قبل لندن میں نواز شریف سے شہباز شریف کی اہم ملاقات بھی ہوئی تھی جس میں سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی‘شہبازشریف نے نوازشریف کو پارٹی کے اہم فیصلوں سے آگاہ کیا ملاقات میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے تمام جماعتوں سے رابطوں اور گرینڈ تحریک شروع کرنے پر بھی مشاورت کا فیصلہ کیا گیا . صحافیوں سے گفتگو میں صدر نون لیگ شہبازشریف نے وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خان صاحب کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ کسی طرح اپوزیشن کو ملیامیٹ کر دیں ان میں اپوزیشن کے خلاف بغض بھراہے .

شہبازشریف نے کہا کہ میٹرو ٹرین کے حوالے سے تحریک انصاف کی حکومت نے مجرمہ غفلت کا مظاہرہ کیا و ہ اورنج لائن ٹرین منصوبہ شروع ہونے پر قوم کو مبارکباد دیں گے . ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگ زیب نے لندن روانگی سے قبل کہا تھا کہ ہم پارٹی قائد کی عیادت کریں گے اور آرمی چیف، نئے چیئرمین الیکشن کمیشن کی تعیناتی اور قانون سازی کے معاملے پر نواز شریف اور شہباز شریف سے رہنمائی لیں گے.

لندن میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما آج نواز شریف سے ملاقات کریں گے‘نواز شریف سے ملاقات کے لیے ن لیگ کا وفد لندن پہنچ چکا ہے، جن میں خواجہ آصف، مریم اورنگزیب، رانا تنویر، ایاز صادق اور امیر مقام شامل ہیں‘سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف بھی موجود ہوں گے لیگی راہنماﺅں کی نوازشریف سے ملاقات سے پہلے ظہرانے پر شہباز شریف سے ملاقات ہوئی نون لیگ کے رہنما ظہرانے پر مشاورت کے بعد ایون فیلڈ اپارٹمنٹ جائیں گے.

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ ہفتے آرمی چیف کی توسیع کے معاملے پر اپنے فیصلے میں حکومت اور پارلیمنٹ کو 6 ماہ میں قانون سازی کرنے کو کہا تھا جس میں مدت، شرائط اور دیگر معاملات کو قانون سازی کے تحت طے کرنے کا فیصلہ سنایا گیا تھا. دوسری جانب حکومت اور اپوزیشن الیکشن کمیشن کے چیئرمین جسٹس (ر) سردار رضاخان کی ریٹائرمنٹ کے بعد نئے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے معاملے پر بھی متفق نہیں ہوسکے اور عدالت نے وقت دے دیا ہے.

الیکشن کمیشن میں اس وقت سندھ اور بلوچستان سے دو،دو اراکین بھی موجود نہیں ہیں تاہم قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) الطاف ابراہیم نے حلف اٹھا لیا ہے. الیکشن کمیشن اس وقت غیر فعال ہوچکا ہے کیونکہ قائم چیف الیکشن کمشنر کے پاس اہم معاملات کے حوالے سے اختیارات نہیں ہیں‘ کمیشن کے غیر فعال ہونے سے انتخابی فہرستوں، سیاسی جماعتوں کے فنڈز کی اسکروٹنی سمیت بہت سی اہم سرگرمیاں مکمل طور پر رک گئیں جبکہ کسی بھی ضمنی انتخاب اور بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں میں بھی تعطل آگیا ہے.

رپورٹ کے مطابق رکن پنجاب جسٹس (ر) الطاف ابراہیم قریشی کے قائم مقام الیکشن کمشنر بننے کے بعد بھی ان کے پاس کسی قسم کی شکایت کو سننے کے لیے بینچ تشکیل دینے کا اختیار نہیں ہے کیوں کہ قانون کے تحت بینچ 3 ارکان پر مشتمل ہونا چاہیے.
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات