بلوچستان میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں میں اضافے سے صوبی کے مسائل میں کمی ہوگی،سینیٹر جاوید عباسی

بلوچستان سے قومی وصوبائی اسمبلی میں اضافے سے مرکز میں بلوچستان کو موثر نمائندگی میسر آئے گی ، نشستوں میں اضافے سے بلوچستان کا احساس محرومی کا خاتمہ ہوگا ، اجلاس سے خطاب

اتوار 8 دسمبر 2019 00:01

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2019ء) بلوچستان میں قومی اسمبلی و صوبائی اسمبلی کی نشتوں میں اضافہ ضروری ہے نشستوں میں اضافے سے بلوچستان کے مسائل میں کمی ہوگی اور مرکز میں بلوچستان کو موثر نمائندگی ملے گی سینیٹ کی کمیٹی لاء اینڈ جسٹس کا اجلاس گزشتہ روز سرینا ہوٹل میں زیر صدارت چیئرمین سینیٹر جاوید عباسی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں سینیٹر ، اراکین صوبائی اسمبلی، سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی اجلاس میں بلوچستان میں قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں میں اضافے کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان سے قومی وصوبائی اسمبلی میں اضافے سے مرکز میں بلوچستان کو موثر نمائندگی میسر آئے گی اور بلوچستان قومی دھارے میں مزید موثر رول ادا کرے گا بلوچستان کی پسماندگی کے خاتمے کے لئے نشستوں میں اضافہ ضروری ہے۔

(جاری ہے)

ماضی میں بلوچستان نظر انداز رہا ہے صوبے کے مسائل کو کبھی بھی سنجیدگی سے نہیں لیا گیا بلکہ سطحی نوعیت کے اقدامات کئے گئے جس کی خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں ہوئے نشستوں میں اضافے سے بلوچستان کا احساس محرومی کا خاتمہ ہوگا اور بلوچستان کے عوام کی موثر نمائندگی ہوگی اجلاس میں اراکین اسمبلی، سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور سول سوسائٹی کیہ نمائندوں نے اس حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔

اجلاس میں سینیٹرز، نصیب اللہ خان بازئی، انوارالحق کاکڑ، سردار یعقوب ناصر، میر سرفراز بگٹی، ثناء جمالی، کبیر محمد شہی، ڈاکٹر غوث نیازی، بہرہ م،ند تنگی نے شرکت کی دریں اثناء سینیٹ کی قائمہ کمیٹی پیٹرولیم اینڈ گیس کا اجلاس چیف سیکرٹری آفس میں کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر محسن عزیز کی صدارت میں منعقد ہوا اجلاس میں بلوچستان میں گیس کے حوالے سے درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اجلاس میں سینیٹر نصیب اللہ خان بازئی نے یونین کونسل آغبرگ کو ایل پی جی پلانٹ لگانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کے مضافاتی علاقے میں کثیر آبادی پر مشتمل علاقہ اغبرگ آج بھی بنیادی ضرورت گیس سے محروم ہے انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کافی پیش رفت ہوچکی ہے اور انشاء اللہ بہت جلد علاقہ اغبرگ کے عوام کو گیس کے حوالے سے اچھی خبر ملے گی اجلاس میں بلوچستان میں نئے لگائے گئے تیز رفتار میٹروں کی تنصیب پر تشویش کا اظہار کیا گیا جوکہ صوبے کے غریب عوام پر بوجھ ہے لہذا اس حوالے سے نئے میٹروں کو منسوخ کرکے پرانے میٹرز لگائے جائیں انہوں نے کوئٹہ کے مضافاتی علاقوں میں نوحصار ، کلی سرہ غوڑ گئی ، کچلاک اور ہنہ اوڑک میں گیس پریشر کی کمی کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔

آخر میں کمیٹی چیئرمین سینیٹر محسن عزیز نے مندرجہ بالا شکایات کے حوالے سے جی ایم گیس بلوچستان کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے اجلاس میں سینیٹرز سینیٹر نصیب اللہ بازئی، سینیٹر سردار یعقوب ناصر، سینیٹر کبیر محمد شہی، سینیٹر میر سرفراز بگٹی، انوار الحق کاکڑ، سینیٹر شمیم آفریدی، سینیٹر بہرہ مند تنگی، سینیٹر ڈاکٹر غوشا نیازی، سینیٹر تاج آفریدی اور سینیٹر جاوید عباسی نے شرکت کی۔