ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان

سکردو میں درجہ حرارت منفی دس ڈگری سینٹی گریڈ ،بلوچستان کے جنوب مغربی علاقوں گوادر، پنجگور،چاغی، خضداراور مکران میں تیز بارش متوقع

اتوار 8 دسمبر 2019 13:10

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2019ء) محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں سرد اور خشک موسم کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے جنوب مغربی علاقوں گوادر، پنجگور،چاغی، خضداراور مکران میں تیز بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے جنوب مغربی علاقوں گوادر، پنجگور،چاغی، خضداراور مکران میں تیز بارش کا امکان ہے، ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے ۔

رپورٹ کے مطابق کراچی میں موسم دن بھر خشک اور مطلع صاف رہنے کا امکان ہے کراچی میں صبح کے وقت درجہ حرارت 14سینٹ گریڈاور دن کے اوقات میں درجہ حرارت 25سے 27ڈگری تک رہا۔ کراچی میں رات بھر ہلکی ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم سر د ہو گیا ہے اور کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

(جاری ہے)

لاہور میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے اور شدید دھند کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے ، لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑا اور آئندہ چند روز تک بارش کا کوئی امکان نہیں ۔

خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں شدید سردی کے باعث روز مرہ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ گلگت بلتستان، کشمیر کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید سرد رہے گا جبکہ کراچی، کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ روز سکردو میں سب سے کم درجہ حرارت منفی 10ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔