Live Updates

وزیراعظم عمران خان کو بحرین کے اعلیٰ سول ایوارڈ سے نوازا جائے گا

وزیر اعظم عمران خان کو یہ ایوارڈ سرکاری دورے کے دوران ایک خاص تقریب کے موقع پر دیا جائے گا، زلفی بخاری

اتوار 8 دسمبر 2019 14:15

وزیراعظم عمران خان کو بحرین کے اعلیٰ سول ایوارڈ سے نوازا جائے گا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2019ء) وزیراعظم پاکستان عمران خان کو بحرین کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ’شاہ حماد آرڈر آف رنیسانس‘ سے نوازا جائے گا۔عمران خان کے معاون خصوصی برائے بیرون ملک مقیم پاکسانی زلفی بخاری نے عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان رواں ماہ بحرین کے سرکاری دورے پر جائیں گے جہاں انہیں بحرین کے اعلیٰ سول ایوارڈ سے بھی نوازا جائیگا۔

زلفی بخاری نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان کو یہ ایوارڈ سرکاری دورے کے دوران ایک خاص تقریب کے موقع پر دیا جائے گا۔بحرین کے نیشنل گارڈ لیفٹیننٹ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ نے رواں سال کے شروع میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اس دوران انہوں نے عمران خان کو بحرین کے دورے کی دعوت دی تھی۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم خان متوقع طور پر 15 دسمبر سے تین ممالک کے دورے پر روانہ ہوں گے۔

عمران خان اپنے سرکاری دورے کا آغاز بحرین سے کریں گے جہاں وہ خلیفہ بن سلمان آل خلیفہ اور شاہ حماد بن عیسیٰ آل خلیفہ سے ملاقات کریں گے اور بحرین کے قومی دن کی تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔وزیر اعظم عمران خان اپنے سرکاری دورے میں بحرین کے بعد سوئٹزر لینڈ روانہ ہوں گے جب کہ عمران خان ملائشیا میں اپنے سرکاری دورہ ختم کرنے سے قبل جنیوا میں مہاجرین سے متعلق عالمی کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو بحرین کے بادشاہ حماد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ نے اگست میں بحرین کے دورے کے دوران شاہ حماد آرڈر آف رنیسانس کے ایوارڈ سے نوازا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات