Live Updates

حکومت کی جانب سے ایک سال میں پیٹرولیم مصنوعات کی مد میں عوام سے 206 ارب روپے ٹیکس لینے کا انکشاف

حکومت 1 لیٹر ڈیزل پر 45 روپے 75 پیسے ٹیکس وصول کررہی ہے جبکہ 1 لیٹر پٹرول پر 35 روپے، مٹی کے تیل پر 20 روپے اور لائٹ ڈیزل پر 14 روپے 98 پیسے فی لیٹر ٹیکس وصولی کر رہی ہے: اعداد و شمار سامنے آگئے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 8 دسمبر 2019 16:40

حکومت کی جانب سے ایک سال میں پیٹرولیم مصنوعات کی مد میں عوام سے 206 ارب ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08دسمبر2019ء) : حکومت کی جانب سے ایک سال میں پیٹرولیم مصنوعات کی مد میں عوام سے 206 ارب روپے ٹیکس لینے کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومتِ پاکستان کی جانب سے ایک سال کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی مد میں عوام سے 206 ارب روپے ٹیکس وصول کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیربرائے پٹرولیم خسرو بختیار نے پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت کے پہلے سال کے دوران پٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والے اتار چڑھاؤ کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردی ہیں۔

خسرو بختیار کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کے پہلے سال کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 11 بار کمی کی گئی جبکہ ان میں 7 بار اضافہ کیا گیا۔ ان ارعداد و شمار کے مطابق حکومت نے ایک سال کے عرصے میں پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسوں کی شکل میں عوام سے 206 ارب 28 کروڑروپے وصول کیے۔

(جاری ہے)

یہ اعداد وشمار ظاہر کرتے ہیں کہ حکومت 1 لیٹر ڈیزل پر 45 روپے 75 پیسے ٹیکس وصول کررہی ہے جبکہ 1 لیٹر پٹرول پر 35 روپے، مٹی کے تیل پر 20 روپے اور لائٹ ڈیزل پر 14 روپے 98 پیسے فی لیٹر ٹیکس وصولی کر رہی ہے۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ حکومت میں پاکستان تحریک انصاف کے وفاقی وزیر اسد عمر پٹرولیم مصنوعات پر زائد ٹیکس وصول کرنے کا الزام پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت پر لگاتے رہے ہیں تاہم موجودہ دورِ حکومت میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں اور اب ان پر لگائے جانے والے ٹیکسوں کے اعدادوشمار بھی سامنے آگئے ہیں۔ تاہم اس حوالے سے ابھی تک کسی حکومتی وزیر یا وزیرِ پٹرولیم کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ 
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات