پاک بحریہ کے بحری جہازوں پی این ایس معاون اور پی این ایس اصلت کا افریقی خطے میں تعیناتی کے تحت نائیجیریا کی بندرگاہ لاگوس کا دورہ‘ مشن کمانڈر اور کمانڈنگ آفیسرز نے نائیجیریا کے ممتاز حکام سے ملاقاتیں کیں‘ ترجمان پاک بحریہ

اتوار 8 دسمبر 2019 22:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2019ء) پاک بحریہ کے بحری جہازوں پی این ایس معاون اور پی این ایس اصلت نے افریقی خطے میں تعیناتی کے تحت نائیجیریا کی بندرگاہ لاگوس کا دورہ کیا۔ مشن کمانڈر اور کمانڈنگ آفیسرز نے نائیجیریا کے ممتاز حکام سے ملاقاتیں کیں جن میں فلیگ آفیسر کمانڈنگ، ویسٹرن نیول کمانڈ اور نیول ٹریننگ کمانڈ شامل ہیں۔

ترجمان پاک بحریہ کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دورے کے دوران پاک بحریہ کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس کی ٹیم نے مفت میڈیکل کیمپ بھی قائم کیا۔ اس دورے کو مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورتحال کو اجاگر کرنے کے لئے بھی بھرپور طور پر استعمال کیا گیا۔ بندر گاہ لاگوس آمد پر نائیجیرین بحریہ کی جانب سے پاک بحریہ کے بحری جہازوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

(جاری ہے)

مشن کمانڈر نے پاک بحریہ کے بحری جہازوں کے کمانڈنگ آفیسر ز کے ہمراہ فلیگ آفیسر کمانڈنگ، ویسٹرن نیول کمانڈ اور نیول ٹریننگ کمانڈ سے ملاقاتیں کیں۔ نائجیریا کے حکام سے ملاقاتوں کے دوران مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی جانب سے بالعموم نائیجیریا کی عوام اور بالخصوص نائیجیریا نیوی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

دونوں ممالک کے حکام نے برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ مشن کمانڈر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور میری ٹائم سیکیورٹی کو یقینی بنانے میں پاک بحریہ کے کردار کو اجاگر کیا جس کا میزبان حکام نے بھی اعتراف کیا۔ خیر سگالی کے طور پر پاک بحریہ کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس کی ٹیم نے ایک مفت میڈیکل کیمپ بھی بندرگاہ کے احاطے میں قائم کیا۔

اس کیمپ میں ستائیس سو سے زائد مقامی مریضوں کو طبی علاج اور ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ کچھ مریضوں کا پاک بحریہ کے جہاز معاون پر علاج کیا گیا جو کہ جدید طبی سہولیات سے آراستہ ہے۔ پاکستان نیوی کے میڈیکل کیمپ کو مقامی لوگوں نے بڑے پیمانے پر سراہا جس سے زبردست خیر سگالی کا جذبہ پیدا ہوا۔ بندر گاہ پر قیام کے دوران پی این ایس معاون پرا عزازی عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا تھاجس میں چیف آف نیول سیفٹی اینڈ اسٹینڈرز نائیجیرین نیوی ، ریئر ایڈمرل ٹی ٹی ڈکاوت نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں نائیجیریا کی بحریہ کے سینئر افسران ، سفارتی اور معروف مقامی شخصیات سمیت مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مشن کمانڈر نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بر بریت ، کشمیریوں کی حالت زار اور کشمیریوں کی حق و انصاف کی جدود جہد میں پاکستان کی مسلسل حمایت کے بارے میں معزز شخصیات کو آگاہ کیا۔ اس تقریب کے دوران بھارتی مسلح افواج کے ذریعہ ہونے والے مظالم اور کشمیریوں کی حالت زار کی عکاس ایک دستاویزی فلم پیش کی گئی جسے شرکاء نے خوب پذیرائی دی۔

اس دورے کے اختتام پر نائیجیریا اور پاکستان بحریہ کے جہازوں کے مابین دوطرفہ مشق بھی کی گئی۔ پاک بحریہ کے بحری جہازوں کی حالیہ تعیناتی کا مقصد افریقی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات ، بحری تعاون کو فروغ اورمیزبان بحریہ کے ساتھ باہمی روابط استوار کرنا ہے۔