Live Updates

مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نہیں ہٹنا چاہیے، حکومت کی کامیابیوں سے اپوزیشن پریشان اور بوکھلاہٹ کا شکار ہے، انہیں وزیر اعظم عمران خان سے تکلیف ہے

پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

اتوار 8 دسمبر 2019 22:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نہیں ہٹنا چاہیے، حکومت کی کامیابیوں سے اپوزیشن پریشان اور بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے اسلئے انہیں وزیر اعظم عمران خان سے تکلیف ہے، عمران خان آئندہ انتخابات میں بھی کامیاب ہو کر دوبارہ اقتدار میں آئیں گے، اسلئے اپوزیشن 10 سال انتظار کرے۔

نجی ٹی وی چینل سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالت نے نواز شریف اور مریم نواز کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ضمانت دی، مریم نواز اب والد کی عیادت کیلئے باہر جانا چاہتی ہیں، وہ راہ فرار اختیار کرنا چاہتی ہیں لیکن حکومت نہ صرف اس کی شدید مخالفت کرے گی بلکہ ان کا نام بھی ای سی ایل سے نہیں ہٹایا جائے گا، ہمارے پاس کسی کو جیل سے نکال کر بیرون ملک عیادت کیلئے بھیجنے کی کوئی مثال بھی نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ حکومت نے طبی بنیاد پر نواز شریف کو علاج کیلئے باہر جانے کی مشروط اجازت دی تھی، وزیر اعظم عمران خان نے درست کہا تھا کہ نواز شریف کی صحت جہاز دیکھ کر ٹھیک ہو گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) نے ہمیشہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا ہے اور عدلیہ کی آزادی کیلئے جدوجہد کی، مریم نواز کے حوالے سے عدالت کا فیصلہ آنے کے بعد حکومت ردعمل دے گی۔

فیصل جاوید نے کہا کہ ماضی میں بھی سزایافتہ لوگ علاج معالجے کیلئے بیرون ملک گئے لیکن وہ واپس نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک سے کرپشن اور منی لانڈرنگ کے خاتمے کیلئے پر اعتماد ہیں، قومی خزانے سے لوٹ مار کرنے والوں سے رقم وصول کر کے ملکی ترقی کیلئے استعمال کی جائے گی، پی ٹی آئی حکومت ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے اسلئے حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔

سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اچھی حکمرانی کی بنیاد پر پی ٹی آئی کی دوبارہ حکومت آئی جو کہ پاکستان کی ایک تاریخ ہے، اسی طرح مرکز میں بھی پی ٹی آئی حکومت کامیاب ہو رہی ہے جس پر اپوزیشن کو تکلیف ہے، ان کی دوکانیں بند ہو رہی ہیں، ان کی کرپشن پر ہاتھ ڈالا جا رہا ہے، منی لانڈرنگ کو روک دیا گیا ہے، پرانا سسٹم تبدیل ہو رہا ہے، یہ لوگ پہلے بھی عمران خان کو ہٹانے کیلئے اپنی سازشوں میں ناکام رہے اور اب بھی انہیں منہ کی کھانا پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام اپوزیشن سے متنفر ہو چکے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کی طرح پاکستان مسلم لیگ (ن) بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہی ہے، عمران خان کے بارے مائنس ون کا خواب دیکھنے والے خود مائنس ہو رہے ہیں اور ان کی خواہشات کبھی پوری نہیں ہوں گی، عمران خان آئندہ انتخابات میں بھی کامیاب ہو کر دوبارہ اقتدار میں آئیں گے اسلئے اپوزیشن دس سال انتظار کرے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کو اتحادیوں سے کوئی خطرہ نہیں، سیاست میں اتحادیوں کے تحفظات ہوتے رہتے ہیں جنہیں دور کر لیا جائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات