Live Updates

مریم نواز سزا یافتہ مجرم ہیں اسلئے حکومت ان کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالے گی، ایسی کوئی مثال موجود نہیں کہ سزا یافتہ مجرم کو عیادت کیلئے ملک سے باہر جانے کی اجازت دی جائے، شہباز شریف کے خلاف نئے کیسز سامنے آئے ہیں اسلئے مجھے نہیں لگتا کہ وہ واپس آئیں گے

پی ٹی آئی رہنما صداقت علی عباسی کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اتوار 8 دسمبر 2019 22:55

مریم نواز سزا یافتہ مجرم ہیں اسلئے حکومت ان کا نام ای سی ایل سے نہیں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہا ہے کہ مریم نواز سزا یافتہ مجرم ہیں اسلئے حکومت ان کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالے گی، ایسی کوئی مثال موجود نہیں کہ سزا یافتہ مجرم کو عیادت کیلئے ملک سے باہر جانے کی اجازت دی جائے، شہباز شریف کے خلاف نئے کیسز سامنے آئے ہیں اسلئے مجھے نہیں لگتا کہ وہ واپس آئیں گے۔

اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ہمیشہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا ہے اور عدلیہ کی آزادی کیلئے جہدوجہد کی، مریم نواز کے حوالے سے عدالتی فیصلہ آنے کے بعد حکومت ردعمل دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت چاہتی ہے کہ ملک میں سب کیلئے ایک جیسا قانون ہو ، مریم نواز کے باہر جانے کا قانونی، اخلاقی اور آئینی جواز نہیں ہے، پہلے ہی سارا شریف خاندان باہر بھاگا ہوا ہے اور اب مریم نواز بھی مفرور ہونے کی کوشش کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم ملک میں بلاتفریق احتساب چاہتے ہیں، نیب ایک آزاد ادارہ ہے اور اس میں حکومت کی کوئی مداخلت نہیں ہے، اگر نیب ہماری جماعت کے کسی رکن کے خلاف تحقیقات کرنا چاہتا ہے تو حکومت رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔ صداقت علی عباسی نے کہا کہ حکومت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی تاہم وہاں سے ابھی تک ان کی صحت سے متعلق کوئی خبر نہیں آئی جس سے ہمارے ان کی صحت سے متعلق تحفظات مزید بڑھ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے پنجاب میں بیورو کریسی کا بیڑہ غرق کیا، عثمان بزدار ٹیم ورک کے ساتھ پنجاب میں گڈ گورننس اور صوبے کی بہتری کیلئے اقدامات کر رہے ہیں اور آنے والے دنوں میں اچھے نتائج کیلئے پر امید ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات