Live Updates

پی ٹی آئی حکومت کو اتحادی جماعتوں کی مکمل حمایت حاصل ہے‘ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے قانون سازی میں اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں گی

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

پیر 9 دسمبر 2019 01:35

پی ٹی آئی حکومت کو اتحادی جماعتوں کی مکمل حمایت حاصل ہے‘ پاکستان مسلم ..
اسلام آباد ۔ 8 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے قانون سازی میں اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں گی، اگر دونوں سیاسی جماعتوں نے توسیع سے متعلق فیصلے کو واپس کرانے کی کوشش کی تو عوام کے سامنے بری طرح سے بے نقاب ہوں گی۔

اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہاں تک اتحادی جماعتوں کی حمایت کا تعلق ہے، اتحادی جماعتیں کہیں نہیں جا رہی ہیں، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کو اتحادی جماعتوں کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بدعنوان عناصر کے خلاف منی ٹرائل تین ماہ میں پکڑا جائے گا، امید ہے کہ جو عناصر بھی قومی دولت لوٹنے میں ملوث ہیں وہ قوم کو لوٹی ہوئی دولت واپس کر دیں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت جب برسر اقتدار آئی تو اسے مہنگائی، غربت اور بے روزگاری جیسے چیلنجز کا سامنا تھا لیکن وزیر اعظم عمران خان کی متحرک قیادت میں حکومت تمام مسائل کو حل کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ ملک کو نئی قیادت کی شکل میں تازہ خون کی اشد ضرورت ہے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں، پاکستان کو روشن اور خوشحال بنانے کے لئے ملک کو نوجوان رہنما ملنے چاہییں اسلئے طلباء یونینز کو بحال ہونا چاہیے۔ انہوں نے سندھ حکومت کی صورتحال کے بارے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی کو سندھ کے علاقوں کے مسائل کا خیال رکھنا چاہیے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات