Live Updates

ایم ایل ون منصوبے سے ملک میں ریلوے کے نظام میں مزید بہتری آئے گی، مسافروں کی سہولت اور ریلوے کے نظام کو اپ گریڈ کرنے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے‘ وفاقی وزیر شیخ رشید احمد

پیر 9 دسمبر 2019 01:35

اسلام آباد ۔ 8 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایم ایل ون منصوبے سے ملک میں ریلوے کے نظام میں مزید بہتری آئے گی، مسافروں کی سہولت اور ریلوے کے نظام کو اپ گریڈ کرنے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان ہائوس تبدیلی کی باتیں بے بنیاد ہیں تاہم اگلے سال مارچ تک سندھ میں کچھ تبدیلیاں ہوسکتی ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کے بیان کے بارے شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما کو موجودہ حکومت کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کرنے سے گریز کرنی چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری لوٹی ہوئی رقم واپس کردیں گے لیکن نواز شریف اس بارے میں کبھی سوچ بھی نہیں سکتے۔

(جاری ہے)

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عدالت نے طبی اور انسانی بنیادوں پر نواز شریف کو بیرون ملک علاج معالجے کی اجازت دی ہے، آصف علی زرداری کو بھی جہاں سے وہ چاہیں علاج کی سہولت دینی چاہیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو بدعنوان عناصر کا احتساب کرنے کے لئے مینڈیٹ دیا ہے اسلئے لوٹ کھسوٹ کرنے والوں کے خلاف احتساب کا عمل جاری رہے گا اور وزیراعظم عمران خان بدعنوانی کے مقدمات میں ملوث عناصر کے ساتھ کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے اس بات کا انکشاف کیا کہ آئندہ ماہ بدعنوان عناصر کے مزید کیسز بھی عوام کے سامنے آئیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات