پاکستان میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی، سری لنکن ٹیم پاکستان پہنچ گئی، مہمان ٹیم پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گئی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ (کل) سے راولپنڈی میں شروع ہوگا، مہمان ٹیم (آج) سے پریکٹس شروع کریگی، سٹیڈیم کے اطراف میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات، طویل فارمیٹ کے کھیل کی واپسی پر جاوید میانداد اور بندولا ورناپورا مہمان خصوصی ہونگے

پیر 9 دسمبر 2019 09:55

پاکستان میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی، سری لنکن ٹیم پاکستان پہنچ ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2019ء) 10 سال بعد ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی، سری لنکن ٹیم دیمتھ کرونارتنے کی قیادت میں پاکستان پہنچ گئی، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ (کل) بدھ سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہوگا، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہوگی، پاکستان میں ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے کامیاب انعقاد کے بعد سری لنکا ٹیم فیوچر ٹور پروگرام میں شامل ٹیسٹ سیریز میں شرکت کے لئے پاکستان پہنچ گئی ہے ۔

مہمان ٹیم (آج) منگل سے راولپنڈی سٹیڈیم میں پریکٹس کریگی، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے دوران سیکورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے اطراف میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

سٹیڈیم کی سیکیورٹی پاک فوج نے سنبھال لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکن ٹیم دیمتھ کرونارتنے کی قیادت میں پاکستان پہنچ گئی ہے، مہمان ٹیم دبئی کی فلائٹ ای کے 612 کے ذریعے پاکستان پہنچی، پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے مہمان ٹیم کا استقبال کیا، مہمان ٹیم پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی، دونوں میچز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہونگے، آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن سپ سیریز کا پہلا ٹیسٹ (کل) بدھ سے 15 دسمبر تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، دوسرا ٹیسٹ 19 سے 23 دسمبر تک نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

دیمتھ کرونارتنے سری لنکن ٹیم کی قیادت کرینگے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں انجیلو میتھیوز، چندیمل، کوسال پریرا، نیروزن ڈکویلا، سنداکان، کاسون راجتھا، وشوا فرنینڈو، لاہیرو کمارا، لاستھ ایمبولدینیا، دلروان پریرا، دھنجایا ڈی سلوا، لاہیرو تھریمانے اور اوشاندہ فرنینڈو شامل ہیں۔ قومی کرکٹرز راولپنڈی میں موجود ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ابتدائی ٹیسٹ کی ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا ہے، سیریز کے لئے ٹکٹوں کی مالیت صرف پچاس روپے مقرر کی گئی ہے، پی سی بی نے ملک میں 10 سال بعد طویل فارمیٹ کے کھیل کی واپسی پر جاوید میانداد اور بندولاورناپورا کو بطور مہمان خصوصی راولپنڈی ٹیسٹ میں شرکت کی دعوت دی ہے ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ فیصلہ دونوں سابق کپتانوں کی کرکٹ کیلئے خدمات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیا ہے، ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا میچ مارچ 1982 میں نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا تھا، میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت جاوید میانداد اور سری لنکن کرکٹ ٹیم کی قیادت بندولاورناپورا نے کی تھی، میچ میں پاکستان نے 204 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

جاوید میانداد اور بندولا ورناپورا دونوں ممالک کی ٹیموں کے درمیان (کل) بدھ سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل سیریز کی ٹرافی کے فوٹو شوٹ میں شرکت کریں گے۔ ابتدائی طور پر سری لنکا کو دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز اکتوبر میں کھیلنا تھی تاہم مہمان ٹیم نے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کی غرض سے دسمبر میں شیڈول پاکستان کے خلاف محدود فارمیٹ کی سیریز کو ٹیسٹ سیریز سے تبدیل کر دیا تھا۔