سپین میں کوپ 25 کے موقع پر فضائی آلودگی کے نمونوں کی نمائش

پیر 9 دسمبر 2019 10:20

میڈرڈ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2019ء) سپین میں جاری عالمی حدت اور معدنی ایندھن سے صحت کو لاحق خطرات کے بارے میں ادراک بڑھانے کے لیے آب و ہوا کی تبدیلی سے متعلق اقوام متحدہ کی کوپ 25 کانفرنس میں خصوصی نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔برطانوی ماحولیاتی گروپ اور دیگر تنظیموں نے وہاں آنے والے افراد کو بیجنگ، نئی دہلی اور لندن جیسے شہروں کی ہوا کا براہ راست اندازہ لگانے کے لیے وہاں کی آلودگی کے نمونے تشکیل دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک خیمے کو پانچ خانوں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں سے ہر ایک، شہر کی سالانہ اوسط آلودگی کی بنیاد پر وہاں کی ہوا کے معیار کا عکاس ہے۔ سالانہ اوسط آلودگی میں گاڑیوں کے دھویں میں شامل انتہائی چھوٹے ذرات پی ایم 2.5 اورنائٹروجن ڈائی آکسائیڈ کے ساتھ ساتھ کوئلے سے چلنے والے بجلی گھر شامل ہیں۔نئی دہلی میں ہوا کا معیار دنیا میں بدترین باور کیا جاتا ہے۔ اس بھارتی دارالحکومت کی عکاسی کرنے والے خانے کو سفید دھویں جیسے مادے سے بھر دیا گیا ہے۔اس کمرے میں جانے والی ایک فیملی یہ کہتے ہوئے فوراً باہر نکل آئی کہ خود اپنے ہاتھ تک دکھائی نہیں دیتے۔