مزید لوٹی ہوئی دولت جلد برطانیہ سے واپس لائیں گے، ڈپٹی چیئرمین نیب

پیر 9 دسمبر 2019 12:28

مزید لوٹی ہوئی دولت جلد برطانیہ سے واپس لائیں گے، ڈپٹی چیئرمین نیب
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2019ء) ڈپٹی چیئرمین قومی احتساب بیورو(نیب )حسین اصغر نے کہاہے کہ برطانیہ اور دیگر ممالک سے مزید لوٹی ہوئی دولت جلد پاکستان واپس لائیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ملتان آرٹس کونسل میںکرپشن کے خاتمے سے متعلق سیمینار سے قبل میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ مزید لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کے لیے نیب اور حکومت بھرپو ر کوششیں کررہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ نیب نے بہت سے کرپٹ افراد کو جیلوں میں ڈالا۔گزشتہ سالوں کی نسبت موجودہ سال میں کرپٹ افراد سے اربوں روپے کی ریکارڈ ریکوری کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی عالمی سطح پر کرپشن پر قابو پانے کے انڈیکس میں خاصی بہتری آئی ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی چیئرمین نیب نے کہاکہ سرکاری اداروں میں کام کرنے والے کرپٹ افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میںلائی جارہی ہے اور بہت سے کرپٹ افراد کو سبق بھی مل چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہرسال کی طرح 9 دسمبر کو کرپشن کے خاتمے کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔حسین اصغر نے کہاکہ اس دن کومنانے کامقصد معاشرے سے بدعنوانی کاخاتمہ اور عوام کو بدعنوانی کے خلاف شعور اورآگاہی دینا ہے۔ قبل ازیں ڈپٹی چیئرمین نے مختلف سکولوں اور کالجوں کے سینکڑوں طلباء کے ہمراہ کرپشن کے خلاف آگاہی واک میں شرکت کی ۔ اس موقع پر طلباء نے کرپشن کے خاتمے سے متعلق بینرز اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے۔ واک ملتان ٹی ہائوس سے شروع ہوکر کلمہ چوک پر اختتام پذیر ہوگئی۔