سعودی نوجوان نے دوستی کی لازوال مثال قائم کر دی

احمد سیف نامی نوجوان نے جگری دوست کی جان اپنا گُردہ دے کر بچا لی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 9 دسمبر 2019 11:48

سعودی نوجوان نے دوستی کی لازوال مثال قائم کر دی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9دسمبر 2019ء) کہتے ہیں کہ انسان ہی انسان کا علاج ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ جب چاہے کسی کی مدد کرنے کے لیے کسی نہ کسی کو اُس کا وسیلہ بنا دے۔ دُنیا ابھی احساس اور محبت سے خالی نہیں ہوئی ہے۔ ایسا ہی ایک ہمدردی ، دوستی اور احساس کا پیکر سعودی نوجوان احمد سیف الغزی ہے جس نے اپنے جگری دوست کی جان بچانے کے لیے خود اپنے جسم کے ایک اہم عضو کی قربانی دے دی۔

سعودی ویب نیوز سبق کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ احمد سیف سرحدی شہر عرعر کا رہائشی ہے، تاہم روزگار کے باعث وہ اپنے آبائی شہر سے دُور رہنے پر مجبور تھا۔ دو سال تک اُس کا عرعر جانا نہ ہوا۔ تاہم جب دو سال بعد وہ واپس عرعر آیا تو اُسے گھر والوں نے بتایا کہ اُس کے بچپن کا دوست محمد عیاض شدید بیمار ہے کیونکہ اس کے دونوں گردے فیل ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

دوست کی محبت سے سرشار احمد سیف فوراً اُس سے ملنے اسپتال جا پہنچا ۔ جہاں وہ عیاض کی انتہائی خراب حالت دیکھ کر پریشان ہو گیا۔ ڈاکٹروں نے اُسے بتایا کہ اس کی جان بچانے کے لیے گُردوں کی پیوند کاری تجویز کی تھی۔ مگر اب معاملہ اس سے بھی آگے جا چکا ہے، اُس کی جان بچانے کے لیے اب نیا گردہ لگانا پڑے گا۔ ڈاکٹروں کی بات سُن کر احمد سیف نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنے دوست کو یوں جیتے جی نہیں کھونے دے گا، چاہے اس کے لیے اُسے کچھ بھی کرنا پڑے ۔

اور پھر احمد سیف گُردہ دینے کی خاطر اپنا بلڈ سیمپل دیا تو لیبارٹری ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی، جس کے بعد ڈاکٹروں نے فیصلہ کیا کہ اُس کا ایک گردہ عیاض کو لگا دیا جائے۔عیاض کا آپریشن دمام کے شاہ فہد ہسپتال میں کیا گیا، جو کہ بہت کامیاب رہا۔ ڈاکٹرز کے مطابق عیاض چند روز میں صحت یاب ہو کر اپنی زندگی صحت مندی کے ساتھ گزار سکے گا۔ یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہو چکا ہے، یہاں تک کہ عرعر کے شاعروں نے احمد کے جذبہ ایثار پر درجنوں اشعار بھی لکھ ڈالے ہیں جو کہ سوشل میڈیا پر بھی دھڑادھڑ شیئر کیے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :