Live Updates

علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں انفراسٹرکچر کی ترقی اور صنعتوں کو مطلوبہ سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں،

صنعتی زون کا افتتاح وزیر اعظم عمران خان رواں ماہ کریں گے، فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق کا اجلاس سے خطاب

پیر 9 دسمبر 2019 12:52

علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں انفراسٹرکچر کی ترقی اور صنعتوں کو مطلوبہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2019ء) چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی(فیڈمک) کے زیر انتظامخصوصی اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں انفراسٹرکچر کی ترقی اور صنعتوں کو مطلوبہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام فوری طور پر ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں، مذکورہ صنعتی زون کی افتتاحی تقریب کے انتظامات کو بھی تیزی سے حتمی شکل دی جا رہی ہے جس کا افتتاح وزیر اعظم عمران خان رواں ماہ کریں گے۔

یہ بات فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے پیر کو یہاں کیمپ آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان رواں ماہ کے آخری ہفتے میں علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا افتتاح کریں گے۔

(جاری ہے)

میاں کاشف نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے دوران تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا اور وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ ان منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائیں۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ساہیانوالا سے لبرٹی پاور اسٹیشن تک ساڑھے تین کلومیٹر سڑک اور دیگر رابطہ سڑکوں پر کام کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اراضی کے حصول کے عمل کو جلد از جلد مکمل کرنے کے احکامات بھی دیئے۔ اس کے علاوہ انہوں نے سپیشل پروڈکشن یونٹس، خاص طور پر چینی اور دیگر غیر ملکی کمپنیوں کو بھی فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کے استحکام اور ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لئے پنجاب میں خصوصی اقتصادی زون قائم کئے جا رہے ہیں جہاں سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات دی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ خصوصی اقتصادی زونز کے قیام سے متعلق معاملات کو بغیر کسی تاخیر کے مکمل کیا جائے۔ فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی 9 میں سے تین خصوصی اقتصادی زونز میں سے ایک ہے جنہیں سی پیک کے تحت ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے اور یہ صنعتی شہر پنجاب میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے۔

انہوں نے فیڈمک کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کے لئے بھر پور تعاون پر وزیر اعلی پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہماری کوششوں کا محور ہے۔ میاں کاشف نے کہا کہ حکومت مالیاتی شمولیت اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بھی حوصلہ افزائی کررہی ہے تاکہ سرمایہ کار دستیاب مواقع سے بھر پور فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بے پناہ قدرتی اور انسانی وسائل سے مالا مال ہے اور ان کا درست استعمال کیا جائے تو پاکستان دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوسکتا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات