بالائی علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری متوقع

پیر 9 دسمبر 2019 14:55

بالائی علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری متوقع
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2019ء) محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم ضلع کرم میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے در ان پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں کہیں کہیں صبح اور رات کے وقت دھند پڑ سکتی ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں پیر کی صبح ہلکے بادل چھائے رہے اور سردی کی شدت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا تاہم نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور اور بہاولپور میں چند مقامات پر صبح اور رات کے وقت دھند پڑنے کا امکان ہے۔خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہے گا، ضلع کرم میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری متوقع ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا تاہم چند بالائی علاقوں میں دھند پڑسکتی ہے،بلوچستان، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے اکثر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک اور سرد جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد رہا تاہم کوئٹہ اور مکران ڈویڑن میں بعض مقامات پر ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔سب سے زیادہ سردی استور میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔