پیراگون سکینڈل کیس ، خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 23 دسمبر تک توسیع

پیر 9 دسمبر 2019 16:55

پیراگون سکینڈل کیس ، خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 23 دسمبر تک ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2019ء) لاہور کی احتساب عدالت نے پیراگون سکینڈل کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنمائوں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 23 دسمبر تک توسیع کر دی ،لاہور کی احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے سماعت کی ،عدالتی سماعت کے موقع پر جیل حکام نے خواجہ برادران کو سخت سکیورٹی حصار میں جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت کے روبرو پیش کیا،عدالت کے روبرومزید گواہوں نے بیانات قلمبند کرانے کیلئے پیش ہوئے، عدالت نے آئندہ سماعت پرکیس کے مزیدگواہوں کوشہادتوں کیلئے طلب کرلیا،عدالت نے خواجہ سعد رفیق کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی اجازت دے دی، خواجہ سعد رفیق نے عدالت سے کہاکہ ہمارے کیس میں وکلاء اورمیڈیاکو عدالت میں آنے سے روکا جاتا ہے،وکلاء اورمیڈیا کو کمرہ عدالت آنے سے روکنے پرعدالت نے ایس پی سکیورٹی پر سخت اظہار برہمی کیا، عدالت نے کہا کہ یہ اوپن ٹرائل ہے میڈیا کوکیوں روکاگیا،کیوں نہ سخت حکم جاری کردیا جائے،عدالت نے کہا کہ میڈیا اور وکلاء کو کمرہ عدالت میں آنے سے نہ روکا جائے،نیب کے استغاثہ کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے اپنی اہلیہ، بھائی سلمان رفیق، ندیم ضیاء اور قیصر امین بٹ سے مل کر ایئر ایونیو سوسائٹی بنائی، جس کا نام بعد میں تبدیل کرکے پیراگون رکھ دیا گیا، نیب کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کی تشہیر کی اور ساتھیوں کے ساتھ مل کر عوام کو دھوکہ دیا اور اربوں روپے کی رقم بٹوری،نیب کے مطابق ملزمان کے نام پیراگون میں40 کنال اراضی موجود ہے۔