کرپشن سے پاک معاشرے کے قیام کیلئے عام آدمی کوسوشل سکیورٹی فراہم کرنا وقت کاتقاضا ہے، شاہ فرمان

پیر 9 دسمبر 2019 17:27

کرپشن سے پاک معاشرے کے قیام کیلئے عام آدمی کوسوشل سکیورٹی فراہم کرنا ..
پشاور۔09دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2019ء) گورنرخیبرپختونخواشا ہ فرمان نے کہا کہ کرپشن سے پاک معاشرے کے قیام کیلئے عام آدمی کوسوشل سکیورٹی فراہم کرنا وقت کاتقاضا ہے۔ دولت کواپنی شناخت بنانا بدعنوانی کی راہیں اپنانے کا ذریعہ ہے اس سٹیٹس کو ترک کریں گے تو بدعنوانی ختم ہوگی۔ و ہ پیر کے روزقومی احتساب بیوروکے زیراہتمام انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر گورنرہاوس پشاورمیں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کاظم نیاز، ڈی جی نیب فیاض احمدقریشی، سابق چیف سیکرٹری رستم شاہ مہمند،پشتو کے ممتاز شاعراباسین یوسفزئی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر گورنرشاہ فرمان کی قیادت میں انسداد بدعنوانی واک بھی کی گئی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرشاہ فرمان نے کہا کہ معاشرتی کرپشن کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

عوام کی بنیادی ضروریات پوری نہ ہونے سے بدعنوانی کے راستے کھل جاتے ہیں۔ کرپشن کی وجہ سے ضرورت مند ا وراہل افراد کا حق مارا جاتاہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن خاتمے کیلئے آگاہی مہم کے ساتھ ایک جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔بدعنوانی روکنے کیلئے نیب کے عزم کیساتھ عوام کا تعاون بھی درکار ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹرکاظم نیاز نے کہا کہ انسداد بدعنوانی کے حوالے سے صوبائی انتظامی ڈھانچہ نیب کے ساتھ بٰھرپور تعاون کررہاہے۔

انہوں نے کہاکہ سرکاری اداروں کے اندرانٹرنل احتسابی نظام کو یقینی بنایاجائیگا تاکہ کرپشن کے خاتمے کویقینی بنایاجاسکے۔ڈائریکٹر جنرل نیب فیاض احمدقریشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بدعنوانی وہ ناسور ہے جس کے معاشرے پرتباہ کن اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ کرپشن ترقیاتی منصوبوں اور قانون کی بالادستی میں رکاوٹ ہے اوربنیادی انسانی حقوق کی پامالی، معیارزندگی کی زبوں حالی اسی ناسور کے نتائج ہیں۔

ڈی جی نیب نے اس موقع پربتایاکہ نیب نے اب تک 11.4 بلین روپے ریکور کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں۔ تقریب کے اختتام پرمختلف سکولوں اورکالجوں میں مصوری اور تقریری مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات اور انسداد بدعنوانی کے حوالے سے بہترین کارکردگی دکھانے والے نیب آفیسرز اور اہلکاروں میں اسناد وانعامات اورشیلڈز تقسیم کئے گئے۔تقریب میں سرکاری اداروں کے انتظامی سربراہان، سول سوسایئٹی کے نمائندوں سمیت طلبا و طالبات نے شرکت کی۔