Live Updates

اپوزیشن سن لے عمران خان ہی 2023تک وزیر اعظم رہیں گے،

حکومت کر پشن ،ظلم ،ناانصافی و معاشی مسائل کو پاکستان سے مائنس کر دیگی،گورنر پنجاب

پیر 9 دسمبر 2019 17:53

اپوزیشن سن لے عمران خان ہی 2023تک وزیر اعظم رہیں گے،
لاہور۔9 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2019ء) گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن سن لے عمران خان ہی 2023تک وزیر اعظم رہیں گے، حکومت کر پشن ،ظلم ،ناانصافی اور معاشی مسائل کو پاکستان سے ''مائنس '' کر دیگی ،حکومت کے تمام ادارے عوام اور ملکی ترقی وخوشحالی کیلئے ایک پیج پر ہیں۔ گورنر ہائوس کے جاری اعلامیہ کے مطابق پیر کے روز گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ ماضی کے حکمرانوں نے ملک کو معاشی بحران ،کر پشن ،لوٹ مار ،مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل کے سواکچھ نہیں دیا، اسی لئے عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے اپوزیشن جماعتوں کو عام انتخابات میں مسترد کرتے ہوئے تحر یک انصاف کی قیادت پر اعتماد کا ظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ تحر یک انصاف عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آئی ہے اورعوام نے ہمیں پانچ سال حکومت کر نے کا مینڈ یٹ دیا ہے، تحر یک انصاف عمران خان اور عمران خان تحر یک انصاف ہیں، اپوزیشن مائنس ون کے خواب دیکھنا چھوڑ دے، ہم عوامی مینڈیٹ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اپنی حکومتی آئینی مدت پوری کر ینگے ۔

(جاری ہے)

گور نر پنجاب نے کہا کہ بدقسمتی سے اپوزیشن کو ملک کی ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہونا ہضم نہیں ہورہا ہے اس لئے وہ آئے روز اپنی سیاسی دوکانداری چمکانے کیلئے نیا شورشہ چھوڑ دیتے ہیں لیکن ہر بار ناکامی انکا مقدر بنتی ہے اور آئندہ بھی اپوزیشن اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوگی اور نئے پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کا مشن جاری رہیگا۔

چوہدری محمدسرور نے مزید کہا کہ حکومت کا مشن صرف اور صرف عوامی خدمت ہے جسکے لئے حکومت کی اتحادی جماعتیں بھی حکومت کیساتھ کھڑی ہیں، ہم نے عوام سے عام انتخابات میں جتنے بھی وعدے کئے ان سب کو پورا کیا جائیگا اور آج حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں کے مثبت نتائج بھی سامنے آرہے ہیں،ہر آنیوالا دن ملک میں ترقی اور خوشحالی لیکر آرہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات