تمام بلدیاتی اداروں سے کرپشن کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں، محکمہ انسداد رشوت ستانی بلاتفریق اقدام کررہا ہے ،وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ

پیر 9 دسمبر 2019 18:20

تمام بلدیاتی اداروں سے کرپشن کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں، محکمہ انسداد ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2019ء) صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کرپشن کے خاتمے کے لیے بلاتفریق شفاف طریقے سے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے جبکہ محکمہ اینٹی کرپشن سندھ اس سلسلے میں کلیدی کردار ادا کرہا ہے۔ ان خیالا کا اظہار انھوں نے پیر کو اینٹی کرپشن کے عالمی دن کے موقع پر نکالے جانے والی آگاہی واک سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سیکریٹری بلدیات روشن علی شیخ بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کرپشن ناصرف معاشرے کا ناسور ہے بلکہ یہ دیمک کی طرح اداروں کو اندر ہی اندر کھوکھلا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمہ کے لیے عوام اور میڈیا سمیت تمام جماعتوں اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کو مل جل کر کام کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

بعدازاں وزیر بلدیات نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دیگر اداروں کی طرح بلدیاتی اداروں سے بھی کرپشن کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں اور اس سلسلے میں محکمہ انسداد رشوت ستانی بلاتفریق اقدامات میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا وژن ہے کہ جب تک صوبہ کرپشن فری نہ ہوگا اور اداروں سے کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوگا اس وقت تک نہ ہی عوام کو ریلیف مل سکتا ہے نہ ہی لوگوں کو جائز کام ہوسکتے ہیں اور نہ ہی ہمارا ملک ترقی کرسکتا ہے لہذا ضروری ہے کہ صوبے سے کرپشن کا مکمل خاتمہ ہو۔ صوبہ کرپشن فری ہو بلکہ پورا ملک کرپشن فری ہو تو عوام کو بڑا ریلیف مل سکتا ہے اور پریشان حال لوگوں کے مسائل فوری حل ہوسکتے ہیں۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعلی سندھ کے واضح احکامات ہیں کہ کسی بھی محکمے میں یا کسی بھی افسر کی جانب سے کرپشن کی شکایت موصول یو یا رشوت کے لیے لوگوں کو تنگ کیا گیا تو اس افسر کے خلاف بلاتفریق قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن صوبے کی ترقی و خوشحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور جبکہ معاشرے کا بدنما داغ بھی ہے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ حکومت نے کرپشن فری ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا جس کے تحت بڑے بڑے منصوبے وقت مقررہ پر معیار کے ساتھ مکمل ہورہے ہیں جبکہ عوام کی زندگی کو باسہولت اور بہتر بنانے کے لیے بہت سارے منصوبوں پر تیزی سے ترقیاتی کام جاری ہیں اور امید ہے کہ ان تمام منصوبوں کو بھی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وقت مقررہ پر ٹارگٹ کے مطابق مکمل کرلیا جائے گا۔