حکومت کے کامیاب جوان پروگرام کے تحت لاکھوں نوجوانوں کو فنی تربیت ،مالی مدد فراہم کی

جائیگی،گورنرسندھ عمران اسماعیل

پیر 9 دسمبر 2019 18:59

حکومت کے کامیاب جوان پروگرام کے تحت لاکھوں نوجوانوں کو فنی تربیت ،مالی ..
سکھر۔9دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2019ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ دنیا نئے نظریات اور خیالات کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے ،پاکستان کے نوجوانوں کو وطن اور خود پر بھروسہ کرکے خوشحالی کی خاطر آئیڈیاز اور ایجادوں کے ساتھ چیلینجز سے نمٹنا ہوگا،حکومت کامیاب جوان پروگرام کے تحت اربوں روپے کے فنڈز سے لاکھوں نوجوانوں کو فنی تربیت اور مالی مدد فراہم کریگی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز آئی بی اے یونیورسٹی سکھر کے سکھر آئی بی اے کے اشتراک سے آئی بی اے آڈیٹوریم میں بیر وینچر(امریکا)کیجانب سے منعقد ہ’’ کامیاب جوان اسٹارٹ اپ پاکستان پائلٹ پروگرام‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کے نوجوانوں کے اندر وہ توانائی و جذبہ موجود ہے جو ٹیلنٹ اور صلاحیتوں کے صورت میں باہر نکل کر ملک کا مستقبل سنوار سکتی ہے ،کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کو اپنا کاروبار چلانے میں مدد کیلئے تیار ہے ۔

(جاری ہے)

سندھ کے گورنر نے مزید کہا کہ منزل ان کے قدم چومتی ہے جن کے خواب اورجدوجہد بڑی ہوتی ہیں،کامیاب جوان پروگرام اسی سوچ سے شروع کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے 6طلبا کے گروپ نے ڈرون بنایا ہے ،جنہیں انگلینڈ میں ہونے والے مقابلے میںبھیجا گیاانہوںنے پہلا انعام جیت کر ملک کا نام روشن کیا۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ہماری حکومت ایسے نوجوانوں اور مستقبل کے معماروں کے ہاتھ پکڑ کر آگے لیکر جانا چاہتی ہے ،اپنے آئیڈیاز شیئر کریں اور ایجاد اور تخلیق کو دنیا کے سامنے پیش کیا جائے،ہم ایسے نوجوانوں کی ہر ممکن فنی ،تربیتی اور مالی مدد کوتیا رہیں ۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے نوجوانوں پرزور دیا کہ وہ تعلیمی اداروں سے پاس آئوٹ ہونے کے بعدناکامیوں اور مشکلاتوں سے ہرگزنہ گھبرائیں ،ہر ناکامی میں پیغام ہوتا ہے جس نے ہار سے سیکھ لیا وہ ہی کامیاب ہوتا ہے ۔قبل ازیں کامیاب جوان پروگرام کے فوکل پرسن شہزاد گل نے بتایا کہ ملک کی68فیصد آبادی 30سال سے کم عمر والوں کی ہے، پاکستان نوجوانوں کی آبادی کے لحاظ سے دنیا یں دوسرے نمبر پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوتھ انٹرپینوئرشپ پروگرام کے تحت 100ارب روپے کے قرضے دیے جائینگے، جس کیلئے 10لاکھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں، اسی طرح اسٹارٹ اپ پاکستان پروگرام کے تحت 1.3ملین لوگ مستفید ہوسکیں گے ، انہوں نے بتایا کہ ملک کی 200 یونیورسٹیز میں انفارمیشن سینٹرز قائم کیے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تھت ایک ملین طلبا کو انٹرپینوئرشپ ٹریننگ دی جائیگی جس میں 200یونیورسٹیز سمیت 300 فنی ادارے اور 100مدرسے بھی شامل ہیں جہاں انٹرپینوئرشپ ٹریننگ کی سہولیت فراہم کی جائیگی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر نثار احمد صدیقی نے کہا کہ دو کمروں سے شروع کیا گیا سکھر آئی بی اے آج پاکستان کی ٹاپ رینکنگ فائیو یونیوریسٹیز میں شامل ہوگئی ہے، ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام سندھ سمیت پورے ملک میں چلایا جارہا ہے، جس کے تحت غریب اور ہونہار بچوں کو اسکالرشپ کے تحت معیاری تعلیم مفت فراہم کی جاتی ہے۔ اس موقع پر سی ای او بیر وینچر حسن سید، انوویشن کوآرڈینیشن گلفام احمد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ بعد میں سکھر آئی بی یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے گورنر سندھ عمران اسماعیل اور دیگر مہمانوں کو ثقافتی تحائف اور شیلڈس پیش کیں۔