وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس میں شرکت کیلئے دو روزہ ترکی پہنچ گئے

پیر 9 دسمبر 2019 19:57

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس میں شرکت ..
استنبول ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس میں شرکت کیلئے پیر کو دو روزہ سرکاری دورے پر ترکی پہنچ گئے ہیں۔ استنبول ہوائی اڈے پر ترکی میں پاکستان کے سفیر محمد سائرس سجاد قاضی اور سفارتخانے کے سینیئر حکام نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی استنبول میں منعقدہ 14 ممالک کے وزراء خارجہ کے اجلاس(ہارٹ آف ایشیائ) میں شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے ۔ ہارٹ آف ایشیاء استنبول عمل کانفرنس میں باہمی تعاون اور فلاحی امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ترکی کے وزرائے خارجہ مولود چاوش اوغلو اور افغانستان کے وزیر خارجہ ادریس زمان کانفرنس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ ہارٹ آف ایشیاء استنبول عمل پر مبنی پہلی کانفرنس 2011ء میں استنبول میں افغانستان کے متعلق منعقد ہوئی۔ اس کانفرنس میں 14 ممالک پاکستان، ترکی افغانستان، آذربائیجان، چین، ہند، ایران، قزاقستان، قرغیزستان، روس، سعودی عرب ، تاجکستان ، ترکمنستان اور متحدہ عرب امارات شرکت کریں گے۔