افسوس انسانی حقوق کے عالمی دن پر بھی مقبوضہ کشمیر میںانسانیت سسک رہی ہے، سردار عثمان بزدار

128روز بعد بھی مظلوم کشمیری عوام کے انسانی حقوق کی خلاف وزریاں رک نہیں سکیں،اقوام عالم کے ضمیرکو بیدارہونا ہوگا،صوبائی کابینہ کا اجلاس (آج) طلب ، 25 نکاتی ایجنڈا زیر غور آئیگا، وزیراعلی پنجاب

پیر 9 دسمبر 2019 20:29

افسوس انسانی حقوق کے عالمی دن پر بھی مقبوضہ کشمیر میںانسانیت سسک رہی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2019ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ رحمتہ ا للعالمین حضرت محمدؐ نے پوری انسانیت کیلئے انسانی حقوق کا ابدی پیغام دیا ہے۔دین اسلام انسانی حقوق کاحقیقی علمبردار ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ افسوس ،آج انسانی حقوق کے عالمی دن پر بھی مقبوضہ کشمیر میںانسانیت سسک رہی ہے ۔

128روز بعد بھی مظلوم کشمیری عوام کے انسانی حقوق کی خلاف وزریاں رک نہیں سکیں۔مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر اقوام عالم کے ضمیرکو بیدارہونا ہوگا۔بھارت کے انسانیت سوز مظالم پر مقبوضہ کشمیر میں انسان کے ساتھ انسانیت بھی شرمندہ ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں عالمی برادری کیلئے ٹیسٹ کیس ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ انسانی حقوق کی فراہمی اور تحفظ مہذب معاشروں کی پہچان ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔انسانی حقوق کی پاسداری نہ کرنے والے معاشرے اپنا وجود کھو بیٹھتے ہیں۔ شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے ۔ برداشت ، درگزر اور رواداری ہی سے بنیادی انسانی حقوق کا احترام یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات کیے ہیں۔جبری مشقت کے خاتمے ، مذہبی آزادی اور بلا امتیازانصاف کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں۔آج ہمیںہر شہری کے انسانی حقوق کو مقدم رکھنے کے عزم کا اعادہ کرناہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبائی کابینہ کا اجلاس آج بروز منگل طلب کر لیا۔

کابینہ اجلاس صبح 11 بجے وزیراعلیٰ آفس کے کمیٹی روم میں ہوگا۔ اجلاس میں 25 نکاتی ایجنڈا زیر غور آئے گا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز شرکت کریں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے سرگودھا کے قریب ٹرین اور ٹرک میں تصادم کے باعث زخمی ہونے والے افرادکو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمیوں کے علاج معالجے میں کوئی کسراٹھانہ رکھی جائے ۔وزیراعلیٰ نے حادثے میں اسسٹنٹ ٹرین ڈرائیور کے جاں بحق ہونے پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے حادثے کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔